کھیل

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کا معاملہ گھمبیر شکل اختیار کرگیا

پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے ملک بھر کے 5 ہزار سے زائد کلبز کی اسکروٹنی کے پہلے مرحلے میں صرف 18 کلبوں نے اپنا ڈیٹا جمع کرایا—فوٹو: فائل
پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے ملک بھر کے 5 ہزار سے زائد کلبز کی اسکروٹنی کے پہلے مرحلے میں صرف 18 کلبوں نے اپنا ڈیٹا جمع کرایا—فوٹو: فائل

پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے انتخابات کا معاملہ گھمبیر شکل اختیار کرگیا ہے۔

پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی (این سی) کی جانب سے ملک بھر کے 5 ہزار سے زائد کلبز کی اسکروٹنی کے پہلے مرحلے میں صرف 18 کلبوں نے اپنا ڈیٹا جمع کرایا۔

 فیفا کی جانب سے موجودہ این سی کو رواں سال جون تک چھ ماہ کا وقت دیا گیا ہے جس میں قومی فٹ بال کے معاملات درست اور انتخابات کراکے پی ایف ایف کے اختیارات منتخب عہدیداروں کے حوالے کیا جانا ہے۔

گزشتہ ماہ کے آغاز سے فٹبال کلبوں کی اسکروٹنی کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ جب پی ایف ایف این سی کے رکن شاہد کھوکھر سے پاکستان بھر کے فٹ بال کلبوں کے اسکروٹنی اور انتخابات کے حوالے سے تازہ صورت حال کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھاکہ کلبوں کی اسکروٹنی کے حوالے سے انتہائی تکلیف دہ اور مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  ملک بھر میں 5 ہزار سے زائد کلبز رکھنے والی پی ایف ایف کا گزشتہ کئی دہائیوں سے آئین کے مطابق کوئی کام درست نہیں تھا، تقریباً 7 ماہ کے دوران ہم نے فٹ بال فیڈریشن کے امور میں پیچیدگیوں کو نمٹانے کی کوشش کی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ حیران کن بات یہ ہےکہ ملکی کلبز کی اسکروٹنی کا عمل شروع ہوئے ایک ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا ہے لیکن ابھی تک 5 ہزار کلبز میں سے صرف 18 کلبز نے اپنا ڈیٹا این سی کے پاس جمع کرایا ہے اوربڑی بات یہ ہے کہ ان کے پاس ووٹنگ رائٹ بھی نہیں ہے۔

شاہد کھوکھر کے مطابق پی ایف ایف این سی کے سربراہ ہارون ملک کی فیفا نے یہ ذمہ داری لگائی ہے کہ چھ ماہ کے اندر پاکستان فٹ بال کا روڈ میپ بنا کر ناصرف کلبوں کی اسکروٹنی کی جائے بلکہ انتخابات کرا کے پی ایف ایف کی ذمہ داریاں منتخب نمائندوں کے حوالے کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی فٹ بال کے حالات کو درست کرکے معاملات منتخب ارکان تک پہنچے میں کتنا وقت لگے گا اس کے بارے میں ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سےزیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ اسٹیک ہولڈرز ہمارے ساتھ مل کر  پہلے پراسس کو کتنی جلد کلیئر کرسکتے ہیں پھر اس کے بعد دیگر امور نمٹا کر الیکشن کرائےجاسکتے ہیں۔ اس کیلئے چھ ماہ مزید درکار ہوں گے۔  پی ایف ایف این سی فیفا سے مستقل رابطے میں ہے اور وہ پاکستان فٹ بال کے تمام تر حالات و واقعات سے آگاہ ہے۔

مزید خبریں :