پاکستان
Time 01 اپریل ، 2023

حکومت اور اپوزيشن ہمارے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتے: خالد مقبول

ایم کیو ایم جمہوریت پر پختہ یقین رکھنے والی جماعت ہے لیکن مکالمے کے سب سے زیادہ مخالف عمران خان ہی رہے ہیں: کنوینر ایم کیو ایم— فوٹو: کے پی سی آفیشل
ایم کیو ایم جمہوریت پر پختہ یقین رکھنے والی جماعت ہے لیکن مکالمے کے سب سے زیادہ مخالف عمران خان ہی رہے ہیں: کنوینر ایم کیو ایم— فوٹو: کے پی سی آفیشل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جانتے ہیں حکومت اور اپوزيشن ہمارے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتے۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے میں آج ایم کیو ایم ایک بار پھر نکھر کر سامنے آرہی ہے، ہماری اہمیت کا اندازہ ایوان کے نشستوں سے نہیں لگایا جاسکتا ہے، ہمارے بغیر صرف حکومت ہی نہیں بلکہ اپوزیشن بھی کمزور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کراچی کی مردم شماری پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، زرداری سمیت جسٹس (ر) گلزار بھی کہہ چکے کہ کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے زائد ہے لیکن اب مردم شماری ختم ہونے کو ہے اور کراچی کی آبادی 84 لاکھ تک بتائی جارہی ہے، سوال تو یہ ہے کہ جس شہر سے لوگ آرہے ہیں وہاں کی آبادی بڑھ رہی ہے لیکن جہاں رہائش اختیار کررہے ہیں وہاں آبادی کی شرح کم دکھائی جارہی ہے۔

پی ٹی آئی سے رابطوں کے حوالے سے خالد مقبول کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم جمہوریت پر پختہ یقین رکھنے والی جماعت ہے لیکن مکالمے کے سب سے زیادہ مخالف عمران خان ہی رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم غداری کے سرٹیفکیٹ کو تمغے سمجھتے ہیں، جب پیپلز پارٹی پر مشکل آتی ہے تو وہ سندھ کارڈ کھیلتی ہے۔

مزید خبریں :