پاکستان
Time 02 اپریل ، 2023

موجودہ سیاسی صورتحال کے حل کیلئے مفتی تقی عثمانی نے سیاستدانوں اور اداروں کو کیا مشورہ دیا؟

موجودہ بحران کا حل صرف یہی ہے کہ تمام جماعتیں اور ادارے منافرت اور دشمنی کے بجائے سر جوڑ کر ملک کو بچائیں: نامور عالم دین۔ فوٹو فائل
 موجودہ بحران کا حل صرف یہی ہے کہ تمام جماعتیں اور ادارے منافرت اور دشمنی کے بجائے سر جوڑ کر ملک کو بچائیں: نامور عالم دین۔ فوٹو فائل

نامور عالم دین مفتی تقی عثمانی نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال میں سیاستدانوں اور دیگر اداروں کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنے کا مشورہ دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مفتی تقی عثمانی نے لکھا کہ اگر کسی گھر کے لوگ آپس میں لڑ رہے ہوں اور گھر میں آگ لگ جائے تو کیا اس وقت یہ بحث کی جائے گی کہ آگ کس نے لگائی یا واحد راستہ یہ ہو گا کہ سب مل کر آگ بجھائیں؟

انہوں نے مزید لکھا کہ موجودہ بحران کا حل صرف یہی ہے کہ تمام جماعتیں اور ادارے منافرت اور دشمنی کے بجائے سر جوڑ کر ملک کو بچائیں۔

مفتی تقی عثمانی نے قرآن پاک کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اللہ تعالی فرماتا ہے کہ "تمام مسلمان آپس میں بھائی ہیں اس لیے اپنے دو بھائیوں کے درمیان صلح کراؤ اور اللہ سے ڈرو تاکہ تمھارے ساتھ رحمت کا معاملہ کیا جائے۔"

انہوں نے کہا کہ عوام اور بااثرحضرات کا فرض ہے کہ وہ اس قرآنی حکم پر عمل کرکے رہنماوں کو ساتھ بٹھانے کی بھرپور کوشش کریں۔

شیخ الحدیث نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ فوج اور عدلیہ کو یقیناً سیاست میں دخل نہیں دینا چاہیے لیکن ایسے سنگین حالات میں جماعتوں کو ساتھ بٹھا کر غیر جانبداری سے خالص ملک کے مفاد اور قومی سلامتی کے لیے مسئلے کا حل نکالنا ان کا فرض بنتا ہے۔ اللہ تعالی اسکی توفیق عطا فرمائے آمین۔


مزید خبریں :