صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کی نوٹیفکیشن جاری کرنے والی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ نوٹیفکیشن بالکل مستند ہے ۔
05 اپریل ، 2023
سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن اس دعویٰ کے ساتھ گردش کر رہا ہے کہ ضلع گرجرانوالہ کے اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلباء کو روزانہ پاک فوج کی کامیابیوں کے متعلق پڑھایا جائے۔
دعویٰ درست ہے۔
دعویٰ
ایک صارف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ”تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکولز میں روزانہ کی بنیاد پر افواجِ پاکستان کی خدمات بارے لیکچر لازمی قرار۔“ صارف نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ”نوٹیفکیشن جاری ـ“ [کردیا گیاہے]
”مان کیوں نہیں جاتے یہ تم سب اس اکیلے سے ہار چکے ہو۔“
اس پوسٹ کو اب تک276,300بار دیکھا اور 2,000سے زائد بار لائک کیا گیا ہے۔
ایک تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ نے پوچھا کہ کیا نوٹیفکیشن مستند ہے؟ ”کیا یہ سچ ہے کہ گوجرانوالہ کے پرائیویٹ اور سرکاری اسکولوں کو ’روزانہ ‘کی بنیادوں پر پاک فوج کی خدمات جاننےکی ضرورت ہے؟“ اس نے مزید پوچھا ”[کیا یہ]6th جنریشن وارفیئر[ہے]“
حقیقت
صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کی نوٹیفکیشن جاری کرنے والی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ نوٹیفکیشن بالکل مستند ہے ۔
مورخہ 20 مارچ کو جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع گوجرانوالہ کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلباء کو پاک فوج کے کارناموں کے بارے میں آگاہ کریں۔
نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے: ’’ آپ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ بعنوان بالا کے تحت تمام پبلک اور پرائیویٹ اسکولوں میں افواج پاکستان کی خدمات کے حوالے سے طلبہ و طالبات میں آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہےجس میں روزانہ کی بنیاد پر درج ذیل موضوعات پر لیکچر اور تقاریر کا اہتمام کیا جائے گا۔ ‘‘
نوٹیفکیشن کے مطابق طلبہ و طالبات کو ملکی دفاع میں افواج پاکستان کی جانب سے جانوں کے نذرانے، دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج کے کردار، قدرتی آفات میں بحالی سمیت دیگر خدمات کے حوالے سے آگاہی دی جائے۔
گوجرانوالہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر معروف احمد نےٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا: ’’بالکل،کوئی شک نہیں ہم نے [ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی] نے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ یہ صرف 23 مارچ کے حوالے تک تھا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ’’ہم اپنے اداروں کے حق میں بات کرنا چاہتے ہیں‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ’’نوجوانوں کو بعد میں نوکریاں تلاش کرنی پڑتی ہیں اور جب فوج کے افسران ہمارے اسکولوں کا دورہ کرتے ہیں تو وہ ان کی حوصلہ افزائی کر سکتے ہیں۔‘‘
ضلع گوجرانوالہ کے دو سرکاری اسکولوں نے بھی تصدیق کی کہ انہیں نوٹیفکیشن موصول ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام 23 مارچ کو بند نہیں ہوا اور اب بھی جاری ہے۔
گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں کے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 2 کے ہیڈ ماسٹر عبدالشکور نےٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ چونکہ سرکاری خط میں کسی مخصوص مدت کا ذکر نہیں کیا گیا تھا اس لیے انتظامیہ روزانہ طلباء کو پاک فوج کی خدمات کے بارے میں پڑھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
گوجرانوالہ کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کے سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ حبیب احسن اور نجی سکول دار ارقم کے پرنسپل افضال بٹ نے بھی کہا کہ وہ ابھی تک ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔
ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔