07 اپریل ، 2023
اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی نے ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری رکھنے اور اسے مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں وزیراعظم ہاؤس میں قومی سلامتی کمیٹی کا 41 واں اجلاس 2 گھنٹے تک جاری رہا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اطلاعات، دفاع، خزانہ، خارجہ اور وزارت داخلہ کے وزرا شریک ہوئے۔
اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی ایم او سمیت دیگر عسکری اور سویلین حکام بھی شریک ہوئے جب کہ اجلاس میں کمیٹی ممبران اور چاروں وزرائے اعلیٰ بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سکیورٹی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے شرکا کو بریفنگ دی۔
ملکی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف ڈی جی آئی ایس آئی نے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری رکھنے اور اسے مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس مٰں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔