08 اپریل ، 2023
رمضان المبارک کے باعث تقریباً ہر فرد ہی سنت رسول صلی اللہ علیہ وعلیہ وسلم پر عمل کرتے ہوئے روزہ کھجور سے افطار کرتا ہے لیکن کیا آپ کے علم میں ہے کہ عام دنوں میں بھی اگر آپ روزانہ کچھ کھجوریں کھانے کی عادت ڈال لیں تو اس سے زندگی میں کئی مثبت تبدیلیاں آسکتی ہیں۔
قدرت نے اس کے اندر کئی بیماریوں کا علاج اور صحت مند زندگی کے راز رکھے ہیں تو آئیے جانتے ہیں کہ روزانہ کھجوریں کھانا آپ کی صحت کے لیے کیوں ضروری ہیں؟
دل کی بیماریوں سے بچائے:
کھجور میں کئی قسم کے اینٹی آکسیڈینٹس ہوتے ہیں جو انسان کو بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں، کیروٹینوائڈز نامی اینٹی آکسیڈینٹ جو کھجور میں پائے جاتے ہیں، وہ دل کے گرد مخصوص تہہ بنا لیتے ہیں، اور دل کو صحت مند رکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ کیروٹینوائڈز آنکھوں کے مسائل سے بھی محفوظ رکھتے ہیں۔
ہڈیوں کے لیے مفید:
کھجوروں میں بڑی مقدار میں کاپر، سیلینیم اور میگنیشیم پایا جاتا ہے جو ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور ہڈیوں کی بیماریوں سے بھی بچاتے ہیں۔
کھجور میں وٹامن کے بھی پایا جاتا ہے جو خون کو جسم میں جمنے نہیں دیتا۔
دماغی صحت کے لیے بہترین:
کھجور میں کولین اور وٹامن بی نوجوانوں سمیت بچوں میں یادداشت اچھی کرنے کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
روزانہ کی بنیاد پر کھجوریں کھانے سے وہ بزرگ افراد جن میں الزائمر کی بیماری یعنی بھولنے کی بیماری کا آغاز ہورہا ہو، انہیں کھجوریں کھلائیں، یہ ان کی بیماری سے بچنے کے لیے فائدہ مند ہیں۔
کولیسٹرول کو کم کرتی ہیں:
کولیسٹرول لیول کو فوری طور پر کم کرنا چاہتے ہیں تو کھجور کھائیں، یہ صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
اس کے علاوہ کھجور جسم میں شوگر لیول کو متوازن رکھنے کے لیے بھی مفید ہیں۔
وزن میں کمی کے لیے فائدہ مند:
اگر خالی پیٹ روز صبح 3 سے 4 کھجوریں کھا لی جائیں تو یہ صحت مند طریقے سے وزن میں کمی کرسکتی ہیں۔
اس کی وجہ ہے کہ کھجور میں فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، یہ جسم میں میٹابولزم کو بھی بہترین کرتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔