فیکٹ چیک: جسٹس جمال خان مندوخیل مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر کے بھائی نہیں ہیں

یکم اپریل کو ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جعفر خان مندوخیل کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی ،جعفر مندوخیل کا تعلق نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ ن سے ہے۔

سرکاری دستاویزات اورمسلم لیگ ن کے صوبائی صدر جعفر خان مندوخیل اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ جسٹس جمال خان مندوخیل ان کے بھائی نہیں ہے۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال خان مندوخیل پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سےدائر کی جانے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست کی سماعت کررہے تھے۔

اس کیس کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے بینچ سے خود کو علیحدہ کرنے کے کچھ ہی دیر بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان پر تنقید شروع کردی گئی۔یہ دعویٰ کیا جانے لگا کہ جسٹس جمال خان مندوخیل پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک سیاستدان کے بھائی ہیں۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔ یہاں تک کہ دونوں قریبی رشتہ دار بھی نہیں ہیں۔

دعویٰ

یکم اپریل کو ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جعفر خان مندوخیل کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی ،جعفر مندوخیل کا تعلق نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ ن سے ہے۔

ٹویٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ” بنچ ایسے نہیں ٹوٹتے۔یہ ہے جسٹس جمال خان مندوخیل کا بھائی جعفر خان مندوخیل جو کہ مسلم لیگ نون بلوچستان کا صدر ہے، باقی آپ خود سمجھدار ہیں۔ “

اس نیوز آرٹیکل کےشائع ہونے تک اس ٹویٹ کو44 سے زائد مرتبہ ری ٹویٹ اور 78 مرتبہ لائک کیا گیا۔

اسی دن ایک اور سوشل میڈیا صارف نے اسی دعوے پر مشتمل اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ”جعفر خان مندوخیل ، جسٹس جمال مندو خیل کے بھائی ، مسلم لیگ ن بلوچستان کا پارٹی عہدہ لینے کے بعد اپنے امام نواز شریف کے ساتھ۔ “

ٹوئٹر پر اب تک اس ٹویٹ کو 2,000سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

حقیقت

سرکاری دستاویزات اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ جسٹس جمال خان مندوخیل اور بلوچستان کے مسلم لیگ ن کے صوبائی صدرجعفرخان مندوخیل بھائی نہیں ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما جعفر خان مندوخیل نے جیو فیکٹ چیک کوٹیلی فون پر بتایا کہ ان کے تین بھائی اور دو بہنیں ہیں۔

انہوں نے جیو فیکٹ چیک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ”جمال مندوخیل میرے قبیلے کی ذیلی شاخ سے بھی نہیں ہیں۔ “

فیکٹ چیک:  جسٹس جمال خان مندوخیل مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر کے بھائی نہیں ہیں

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے بھائیوں کے نام شہاب الدین خان مندوخیل، ہمایوں مندوخیل اور داؤد خان مندوخیل ہیں۔

اس کے بعد انہوں نے اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) اور ڈرائیونگ لائسنس بھی جیو فیکٹ چیک کے ساتھ شیئر کیا۔ دونوں دستاویزات میںان کے والد کا نام حاجی سعد اللہ خان مندوخیل ہےدرج ہے۔جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ کی ویب سائٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے مطابق جسٹس جمال خان مندوخیل کے والد کا نام فیروز خان ہے۔

اس کے علاوہ جیو فیکٹ چیک نےجعفر خان مندوخیل کے قریبی رشتہ دار سےبھی رابطہ کیا۔ انہوں نےاپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس بات کی تصدیق کی کہ جعفر خان مندوخیل ، جسٹس جمال خان مندوخیل کے قریبی رشتہ دار نہیں ہیں۔

انہوں نے ٹیلی فون پر مزید بتایا کہ” وہ فرسٹ کزن بھی نہیں ہیں۔ “

اضافی رپورٹنگ نادیہ خالد کی جانب سے

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔