14 اپریل ، 2023
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے الیکشن فنڈز سے متعلق ان چیمبر سماعت پر مشاورت کے بعد اٹارنی جنرل سپریم کورٹ پہنچ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ان چیمبر سماعت سے پہلے اٹارنی جنرل کو مشاورت کیلئےطلب کیا تھا جس پر اٹارنی جنرل وزیراعظم سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ سے فوری وزیراعظم آفس پہنچے۔
اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں اٹارنی جنرل منصور عثمان نے کہا کہ پارلیمنٹ نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے سے روک دیا ہے، اب وفاقی حکومت کے پاس الیکشن کیلئے فنڈز جاری کرنے کا کوئی اختیارنہیں۔
اٹارنی جنرل وزیراعظم سے مشاورت مکمل کرکے واپس سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جب پارلیمنٹ نے فنڈز دینے سے منع کر دیا تو حکومت کیسے دے سکتی ہے؟
اٹارنی جنرل کا کہنا ہےکہ آج حکومتی مؤقف ان چیمبر سماعت کے دوران پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کے اجرا کے معاملے پر ان چیمبر سماعت آج ہوگی جس میں چیف جسٹس سمیت بینچ کے تین ارکان شریک ہوں گے۔