15 اپریل ، 2023
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی سیاستدانوں کو ساتھ بٹھانے کی کوششوں میں مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف نے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی پہلے وزیر اعظم شہباز شریف اور پھر عمران خان سے ملاقات کی اور کہا حکومت اور پی ٹی آئی ایک دن الیکشن کرانے کے ایجنڈے پر مل بیٹھنے کو تیار ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق الیکشن ایک دن کرانے پر جماعت اسلامی سے مزید بات چیت کیلئے تیار ہیں، کوئی حتمی فیصلہ اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سراج الحق کی ملاقات میں سیاسی صورتِحال پر گفتگو ہوئی اور قائدین نے اجتماعی دانش سے مسائل کے حل پر اتفاق کیا۔
اس کے بعد سراج الحق نے زمان پارک جا کر عمران خان سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتِحال پر گفتگو کی۔
مذاکرات کی کہانی چند دن پہلے اسد عمر کی قیادت میں پی ٹی آئی وفد کی سراج الحق سے ملاقات میں شروع ہوئی تھی۔
ملاقات کے بعد سراج الحق نے بیان دیا کہ حکومت اور اپوزيشن کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کریں گے۔ حکومتی اتحاد میں شامل پیپلز پارٹی کے آصف زرداری بھی چند دن قبل وزیر اعظم شہباز شریف کو اپوزيشن سے مذاکرات کا مشورہ دے چکے ہیں۔ عمران خان بھی مختلف مواقع پر سب سے بات کرنے پر رضامندی کا اعلان کرچکے ہيں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی امیر جماعت اسلامی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی تھی۔