16 اپریل ، 2023
جب بھی آپ دنیا کی بلند ترین عمارات کے بارے میں سوچتے ہوں گے تو ذہن میں پہلی تصویر دبئی میں موجود برج الخلیفہ کی ابھرتی ہوگی۔
اور ایسا کیوں نہ ہو آخر دنیا کی سب سے بلند عمارت کا اعزاز اس وقت برج الخلیفہ کے پاس ہے۔
مگر آنے والے برسوں میں دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز ایک اور عرب ملک کے پاس منتقل ہو سکتا ہے۔
جی ہاں کویت کی جانب سے دنیا کی بلند ترین عمارت کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
کویت کے نئے شہر مدينۃ الحرير میں برج مبارک الکبیر کے نام سے دنیا کی بلند ترین عمارت کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
اس شہر کی تعمیر 2023 میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔
1001 میٹر بلند اس عمارت کی تعمیر پر اربوں ڈالرز خرچ ہوں گے اور اس کی تعمیر مکمل ہونے میں 25 سال لگ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ برج الخلیفہ عمارت 828 میٹربلند ہے۔
ایک کلو میٹر بلند اس عمارت کا ڈیزائن اسپین کے آرکیٹیکٹ Santiago Calatrava تیار کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق اس عمارت میں 234 منزلیں ہوں گی اور اس میں 7 ہزار افراد قیام کر سکیں گے۔
اس عمارت میں دفاتر، اپارٹمنٹس اور ہوٹل سمیت دیگر متعدد سہولیات دستیاب ہوں گی۔
خیال رہے کہ مدينۃ الحرير 250 اسکوئر کلومیٹر رقبے پر پھیلا شہر ہوگا جہاں 70 لاکھ افراد قیام کر سکیں گے۔