کراچی پولیس کا اہلکار موٹر سائیکل چھیننے کی واردات میں ملوث نکلا

ملزم نےدوساتھیوں سمیت گزشتہ روز شہری سےموٹرسائیکل چھینی، واردات کے دوران شہری سے لوٹ مار بھی کی گئی تھی— فوٹو: جیو نیوز
ملزم نےدوساتھیوں سمیت گزشتہ روز شہری سےموٹرسائیکل چھینی، واردات کے دوران شہری سے لوٹ مار بھی کی گئی تھی— فوٹو: جیو نیوز

عوام کو چوروں اور ڈکیتوں سے محفوظ رکھنے کیلئے قائم محکمہ پولیس کا اہلکار خود ہی موٹر سائیکل چھیننے کی واردات میں ملوث نکلا۔

کراچی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے پولیس اہلکار ذیشان کو ساتھی سمیت گرفتارکرلیا ہے۔

ائیرپورٹ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ڈسٹرکٹ ایسٹ شعبہ تفتیش میں تعینات ہے، ملزم نےدوساتھیوں سمیت گزشتہ روز شہری سےموٹرسائیکل چھینی، واردات کے دوران شہری سے لوٹ مار بھی کی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق موٹرسائیکل ٹریکنگ کے دوران لوکیشن پولیس لائن شاہراہ فیصل کی آئی تھی، موٹر سائیکل ایس ایس پی ایسٹ آفس کے عقبی سوسائٹی میں کھڑی کی گئی تھی جسے ملیر انویسٹی گیشن پولیس نے چھاپہ مار کر برآمد کرلیا۔

متاثرہ افراد کا دعویٰ ہے کہ پولیس اہلکار کی جانب سے ایک 125 موٹر سائیکل، دو عدد موبائل فونز اور تقریباً ایک لاکھ روپے نقد چھینے گئے۔

مزید خبریں :