18 اپریل ، 2023
امریکی رکن کانگریس ایلیسا سلوٹکن نےکہا ہے کہ ری پبلکنز اور ڈیموکریٹ اراکین کانگریس امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھ رہے ہیں کہ پاکستان میں جمہوری اقدار پر عمل یقینی بنایا جائے۔
کانگریس وومن ایلیسا سلوٹکن نے یہ بات پاک پیک کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے مشی گن میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ایلیسا سلوٹکن نےکہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی اپنے وطن کے بارے میں کس قدر فکر مند ہیں کہ وہ ترقی کرے اور وہاں جمہوریت پروان چڑھے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس اور ری پبلکن اراکین کانگریس امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن پر خط لکھ کر زور دے رہے ہیں کہ امریکا پاکستان پر دباؤ ڈالے کہ اسلام آباد انہی جمہوری اقدار کا احترام کرے جو امریکا کو عزیز ہیں، ان اقدار میں آزادی اظہار، لوگوں کے اجتماع کی آزادی اور سب کو لے کر چلنا بھی شامل ہے۔
کانگریس وومن نےکہا کہ یوں تو ڈیموکریٹس اور ری پبلکن اراکین بہت سی چیزوں پر اختلافات رکھتے ہیں لیکن جلد ہی یہ اچھی خبر ملے گی کہ محکمہ خارجہ سے اس ضمن میں مطالبہ کرنے کے لیے دونوں جماعتوں کے اراکین ہم آواز ہیں۔