24 اپریل ، 2023
جنگ زدہ سوڈان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کا پلان کامیاب ہو گیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق 427 پاکستانی بحفاظت پورٹ سوڈان پہنچ گئے جہاں سے وہ وطن پہنچیں گے، ان 427 افراد کی رہائش اور خوراک کا انتظام بھی حکومت پاکستان نے کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 72 گھنٹے سے جاری خصوصی ہنگامی پلان کی نگرانی براہ راست وزیراعظم شہباز شریف نے کی، سوڈان سے خصوصی طیاروں کے ذریعے پاکستانیوں کی واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے دوست ممالک اور خطے میں پاکستانی سفارت خانے مدد کر رہے ہیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق جنگ زدہ سوڈان سے شہریوں کی وطن واپسی کے لیے کوششوں پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر مملکت حنار بانی کھر، وزارت خارجہ کے حکام اور سوڈان میں پاکستانی سفیر کو شاباش دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا عسکری حکام اور تمام متعلقہ ذمہ داروں نے سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلا کی جامع حکمت عملی تیار کی، وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو خصوصی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ سوڈان میں جنگ کی وجہ سے پاکستانیوں کے انخلا میں مشکلات اور خطرات کا سامنا تھا تاہم حکومت پاکستان نے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے محفوظ راستوں کا تعین کیا، پاکستانیوں کو چھوٹے چھوٹےگروہوں میں خرطوم سے محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق برادر ممالک سعودی عرب، ترکیہ اور مصر نے پاکستانیوں کے انخلا میں خصوصی معاونت کی، وزیراعظم نے پاکستانیوں کے انخلا میں مدد پر سعودی عرب، ترکیہ اور مصرکی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈان میں محصور پاکستانیوں کی سلامتی اور تحفظ سے متلعق اقدامات کی مسلسل نگرانی جاری تھی، سوڈان میں پاکستانی سفارت خانہ محصور پاکستانیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، سوڈان میں پاکستانی سفارت خانے میں ہیلپ لائن قائم ہے جس پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔