25 اپریل ، 2023
دنیائے کرکٹ کے مشہور بین الاقوامی شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کے ویسٹ اسٹینڈ کا نام سچن ٹنڈولکر اسٹینڈ رکھ دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے 34 اسٹیڈیمز میں کھیلے گئے ون ڈے میچوں میں 49 سنچریاں اسکور کیں جبکہ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ان کی 7 سنچریاں جن میں اپریل 1998 میں جڑواں سنچریاں بھی شامل ہیں ۔
تاہم شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کے ویسٹ اسٹینڈ کا نام سچن ٹنڈولکر اسٹینڈ رکھ دیا گیا ہے۔سچن ٹنڈولکر نے اس موقع پر مسٹر بخاطر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
اس حوالے سے سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ شارجہ میں کھیلنا ہمیشہ ہی ایک شاندار تجربہ رہا ہے کیونکہ شارجہ میں دنیا بھر سے کرکٹ شائقین میچ دیکھنے آتے ہیں اور ہمیں سپورٹ کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ کھیل سے محبت کرنے والوں کے لیے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم ایک خاص جگہ ہے۔
بعد ازاں شارجہ اسٹیڈیم کے سی ای او خلف بخاطر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سچن ٹنڈولکر کے نام سے اسٹینڈ منسوب کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ ہم دنیائے کرکٹ کے ان عظیم کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کریں جنہوں نے اپنی شاندار اننگز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر اسٹینڈ کے بعد بہت جلد پاکستان اور سری لنکا کے کھلاڑیوں کے نام سے بھی اسٹینڈ منسوب کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جانے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ رکھتا ہے جس میں کرکٹ کی تاریخ کے کچھ یادگار لمحات اس میدان میں بنے جو کرکٹ تاریخ میں نمایاں ہیں۔