کھیل
Time 27 اپریل ، 2023

پہلا ون ڈے: فخر کی شاندار سنچری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

فخر زمان نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 117 رنز کی اننگز کھیلی، امام الحق نے بھی 60 رنز بنائے۔ فوٹو کرک انفو
فخر زمان نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 117 رنز کی اننگز کھیلی، امام الحق نے بھی 60 رنز بنائے۔ فوٹو کرک انفو 

پاکستان نے 5 ون ڈے میچز کی سیریز  کے پہلے میچ میں  فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔

سیریز کا پہلا ون ڈے  آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز اسکور کیے، ول ینگ اور ڈیرل مچل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، ڈیرل مچل نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ول ینگ نے بھی 86 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ شاداب خان کے حصے میں آئی۔

پاکستانی کی اننگز

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 124 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

امام الحق 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم نے بھی 49 رنز کی اننگز کھیلی، شان مسعود ایک جبکہ آغا سلمان 7 رنز  بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان  نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک ایک وکٹ بلائر ٹکنر، اش سودھی اور راچن رویندرا نے حاصل کی۔

قبل ازیں ٹاس کے بعد کی جانے والی گفتگو میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ دوسری اننگز میں بہتر رہے گی ، ہدف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب کپتان نیوزی لینڈ ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کا آخری میچ جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بڑھا، ہم بھی ٹاس جیت کر بولنگ ہی کرتے۔

پاکستان  پلیئنگ الیون 

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی بابراعظم کررہےہیں،  جبکہ پلیئنگ الیون  امام الحق،فخرزمان،شان مسعود،محمد رضوان ، آغا سلمان،محمد نواز  ، شاداب خان ، شاہین آفریدی،نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی شامل ہیں۔

 ون ڈے اسکواڈ کے لیے پاکستان ٹیم میں 6 اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ  پلیئنگ الیون 

 دوسری جا نب نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں چیڈ بوویس، ویل ینگ ،ڈیرل مچل،ٹام لیتھم،مارک چیپمین اور ہینری نیکولس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز دو دو سے برابر ہونے کے بعد شاہین اب پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں کیویز کا مقابلہ کررہے ہیں۔

مزید خبریں :