فیکٹ چیک: مریم نواز شریف کے پاس کتنی بی ایم ڈبلیو گاڑیاں ہیں؟

جیو فیکٹ چیک نے جو دستاویزات حاصل کی ہیں ان کے مطابق مریم نواز شریف کے پاس اس وقت اپنے یا اپنے شوہر کے نام پر کوئی بی ایم ڈبلیو گاڑی نہیں ہے

سوشل میڈیا پرہزاروں بار شیئر کی گئی پوسٹس میں مریم نواز شریف کے شاہانہ طرز زندگی گزارنے پر تنقید کرتے ہوئے یہ الزام لگا یا جا رہا ہے کہ اس وقت وہ چار لگژری بی ایم ڈبلیو گاڑیوں کی مالک ہیں۔

یہ دعویٰ درست نہیں ہے۔

دعویٰ

10 اپریل کو ایک ٹوئٹر صارف نے چار لگژری گاڑیوں کی تصاویر، جن میں مریم نواز شریف اور ان کے والد کو  بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، شیئر کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ”خان صاحب کو گھڑی چور ثابت کرتے کرتے مریم نواز کی خود ہی چار BMW گاڑیوں کی چوری سامنے آگئی۔“

فیکٹ چیک: مریم نواز شریف کے پاس کتنی بی ایم ڈبلیو گاڑیاں ہیں؟

اس ٹوئٹ کو اب تک 500 سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے اس سے ملتے جلتے دعوے  پر مشتمل اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ”انتہائی ہی جھوٹی ہو آپ چار چار BMW ہیں اور نیوز چینل پر آ کر میری تو ایک بھی BMW نہیں ہے۔“

اس ٹوئٹ کواب تک ایک ہزار مرتبہ دیکھاجا چکا ہے۔

حقیقت

جیو فیکٹ چیک نے جو دستاویزات حاصل کی ہیں ان کے مطابق مریم نواز شریف کے پاس اس وقت اپنے یا شوہر کے نام پر کوئی بی ایم ڈبلیو کار نہیں ہے۔

اس برس مریم نواز شریف کی جانب سے حلقہ پی پی 173 میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں جہاں ان سے اپنی ملکیت میں موجود ” گاڑیوں “ کی تفصیلات فراہم کرنے کو کہا گیا تھا تو انہوں نے اس سیکشن میں ”کوئی نہیں“ درج کیا ہے۔

مریم نواز شریف کی جانب سے 2023ء میں اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے منقولہ اثاثوں کی تفصیلات۔
مریم نواز شریف کی جانب سے 2023ء میں اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے منقولہ اثاثوں کی تفصیلات۔

ایک اور صفحہ پر جہاں الیکشن کمیشن نے ان کے شریک حیات محمد صفدر کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کیں تو انہوں نے دوبارہ ”موٹر وہیکلز “ کے کالم میں ”کوئی نہیں“ لکھا ہے۔

محمد صفدر کے منقولہ اثاثوں کی تفصیلات، جن کا اعلان ان کی شریک حیات مریم نواز شریف نے 2023 ءمیں کیا۔
محمد صفدر کے منقولہ اثاثوں کی تفصیلات، جن کا اعلان ان کی شریک حیات مریم نواز شریف نے 2023 ءمیں کیا۔

جیو فیکٹ چیک کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق مریم نواز شریف کی جانب سے 2018 ء میں لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقوں NA-125 اور NA-127 کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں ان [ مریم نواز شریف ]کی طرف سے اپنی ملکیت کے طور پر کوئی گاڑی درج نہیں کی گئی۔

تاہم، ان کے شوہر کی دستاویزات سے یہ پتہ چلتا ہے کہ مریم نواز شریف کے پاس 2012 سے 2016 کے درمیان ایک BMW گاڑی تھی۔

محمد صفدر نے 13-2012،  14-2013،  15-2014 اور  16-2015 میں اپنے اثاثے ظاہر کیے تھےجب وہ رکن پارلیمنٹ تھے۔ مذکورہ بالا برسوں کی دستاویزات اسلام آباد میں قائم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (FAFEN) کی جانب سے جیو فیکٹ چیک کو فراہم کی گئیں۔

چاروں دستاویزات میں”موٹر وہیکلز“ سیکشن میں استعمال شدہ 2006 ء ماڈل، کالی BMW کار کی فہرست ہے، جسے کہ ”درخواست گزار  [محمد صفدر] کی شریک حیات مریم صفدر نے متحدہ عرب امارات سے تحفہ کے طور پر وصول کیا تھا۔“

گاڑی کی قیمت 60 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

وہ اثاثے جو محمد صفدر نے سال 13-2012ءکے لیے ظاہر کیے تھے۔
وہ اثاثے جو محمد صفدر نے سال 13-2012ءکے لیے ظاہر کیے تھے۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔