پی ٹی آئی رہنماؤں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم نے ہمارے 20 منحرف اراکین پارلیمنٹ کے ووٹوں کی مدد سے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا
28 اپریل ، 2023
27 اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف پر اراکین پارلیمنٹ کے اعتماد کے ووٹ کی تحریک کے دوران پی ٹی آئی کے 22 منحرف اراکین میں سے کسی نے بھی ووٹ نہیں دیا۔
اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیاستدانوں نے الزام لگایا ہے کہ وزیراعظم نے پاکستان تحریک انصاف کے 20 منحرف اراکین پارلیمنٹ کے ووٹوں کی مدد سے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا ہے، جن کے ووٹوں کی گنتی گزشتہ برس سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نہیں ہو سکتی تھی۔
یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ایوان زیریں میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے چند منٹ بعد پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ”شہباز شریف اراکین کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں، 20 اراکین اسمبلی جن کا تعلق تحریک انصاف سے ہے ان کا ووٹ وزیراعظم کے حق میں شمار نہیں کیا جا سکتا لہذا شہباز شریف کو صرف 172 ارکان کی بجائے صرف 160 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہوئی، آج کا یہ ووٹ شہباز شریف اور PeeDM کی بہت بڑی شکست ہے۔“
اس ٹوئٹ کو اب تک 10,000 سے زائد مرتبہ ری ٹوئٹ کیا گیا ہے اور 29,000 سے زائد مرتبہ لائیک کیا گیا۔
اس ٹوئٹ کے جواب میں پی ٹی آئی کی ایک اور رہنما شیریں مزاری نے ٹوئٹ کیا کہ” افسوس کی بات ہے کہ ان [پی ٹی آئی کے منحرف اراکین] کے ووٹوں کی گنتی کی گئی کیونکہ اس وقت کسی بھی قانون یا اصول پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک ان کی ٹوئٹ کو 3,000 سے زائد مرتبہ لائیک کیا گیا۔
یہ دعوے غلط ہیں۔ 27 اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف پر اراکین پارلیمنٹ کے اعتماد کے ووٹ کی تحریک کے دوران پی ٹی آئی کے 22 منحرف اراکین میں سے کسی نے بھی ووٹ نہیں دیا۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے ارکان کی تعداد 342 ہے۔ گزشتہ برس پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے بعد اس وقت ایوان میں 218 اراکین قومی اسمبلی (ایم این ایز) موجود ہیں جن میں سے 180 نے جمعرات کی شام وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کرنے کے لیے ووٹ دیا۔
180 میں سے 85 کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے، 58 کا پاکستان پیپلز پارٹی، 12 کا متحدہ مجلس عمل پاکستان، ایک کا عوامی نیشنل پارٹی، 4 کا بلوچستان نیشنل پارٹی، 5 کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی، ایک کا جمہوری وطن پارٹی سے، 7 کا متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے، 4 آزاد امیدوار جبکہ 3 کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ق) سے تھا۔
یہ کل 180 ووٹ بنتے ہیں۔
27 اپریل کو پاکستان تحریک انصاف کے 22 منحرف اراکین نے ووٹ نہیں دیا۔
ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔