30 اپریل ، 2023
لاہور: نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کے الزام پر رد عمل میں کہا ہےکہ مفت آٹا اسکیم میں ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں ہوئی۔
نگران وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ الزام لگانے والوں کی اپنی ساکھ مجروح ہوئی، آٹااسکیم پنجاب کی تاریخ کی کامیاب ترین اسکیم رہی، اسکیم سے پنجاب کے 3 کروڑ مستحق لوگوں نے فائدہ اٹھایا۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ آٹااسکیم کو وفاقی اور پنجاب حکومت نےمل کر فنڈکیا، آٹااسکیم کوپارٹی کی اندرونی سیاست کی بھینٹ چڑھانا سراسر زیادتی ہے، شاہدخاقان عباسی یا تو معذرت کریں یا ثبوت مہیا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران پنجاب حکومت پر الحمداللہ کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا، نگران پنجاب حکومت ایک ایک پائی کا حساب دے سکتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ نظام اتنا کرپٹ اور فرسودہ ہوچکا ہےکہ ڈلیور نہیں کرسکتا، ہم نے 84 ارب روپے آٹے کی مد خرچ کیا، اس میں 20 ارب کی کرپشن ہوگی، ملک کے مسائل کی وجہ لیڈر شپ اور نظام کی ناکامی ہے۔