Time 01 مئی ، 2023
پاکستان

مذاکرات میں یہی کہنا ہے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم کریں ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں: عمران

یہ بہانے کر رہے ہیں بجٹ دینے کے بعد الیکشن ہوگا، اگر یہ سمجھ رہے ہیں ہم انتظار کریں گے تو غلط فہمی میں نہ رہیں: سابق وزیراعظم کا ریلی سے خطاب — فوٹو: پی ٹی آئی
یہ بہانے کر رہے ہیں بجٹ دینے کے بعد الیکشن ہوگا، اگر یہ سمجھ رہے ہیں ہم انتظار کریں گے تو غلط فہمی میں نہ رہیں: سابق وزیراعظم کا ریلی سے خطاب — فوٹو: پی ٹی آئی

لاہور میں ریلی سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ کل مذاکرات میں ہم نے ایک ہی بات کہنی ہے کہ 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم کریں ہم ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں۔

پی ٹی آئی کی ریلی کا آغاز لبرٹی گول چکر سے ہوا اور ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک رہی۔

عمران خان نے ناصر باغ میں گاڑی کے اندر سے ریلی سے خطاب کیا اور کہاکہ  ہم پر جرائم پیشہ مسلط کیےگئے، یہ الیکشن سےبھاگ رہے ہیں، یہ تب الیکشن کراناچاہتے ہیں جب سمجھیں گےکہ میں راستےسے ہٹ گیا، ان کا صرف ایک مقصد ہے کہ کسی طرح مجھے ہٹائیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح طورپرکہا ہے 14 مئی کوپنجاب کا الیکشن ہوگا، سپریم کورٹ نے کہا کہ ان سے مذاکرات کریں، اگریہ متفق ہوجاتےہیں توصرف پنجاب کا نہیں پورےملک میں الیکشن ہوگا۔

سابق وزیراعظم نے ایک بار پھر شرط رکھی اور کہا کہ کل مذاکرات میں ہم نے ایک ہی بات کہنی ہے کہ 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم کریں ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم ان کے منصوبے میں پھنس کر انتظار کریں گے کہ ستمبر میں الیکشن ہوگا توکسی غلط فہمی میں نہ رہیں، 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم نہ کیں تو عدالت کو کہیں گے کہ ہمیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کا الیکشن چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ ان لوگوں نے آئین توڑا یا ججز کے خلاف کچھ کیا تو پی ٹی آئی سڑکوں پر ہو گی، تحریک انصاف سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہو گی، آج تک ہم نے معاشی حالات کی وجہ سے پرامن احتجاج کیے، اگر آئین توڑا تو ملک میں جنگل کا قانون ہو گا، ملک تباہی کی طرف جا رہا عام آدمی مہنگائی میں پس رہا ہے،  اگریہ آئین توڑ دیں گےتوپاکستان میں کیا رہ جاتا ہے جس ملک میں سپریم کورٹ کےحکم کوحکومت نہ مانےتوکون سرمایہ کاری کرے گا؟

انہوں نے کہا کہ چور اورہینڈلرز آئین کی خلاف ورزی کریں گے تو قوم میرے ساتھ نکلے گی، طاقتورکو آئین قانون کی پرواہ نہ ہوتوملک بناناری پبلک بن جاتا ہے، سب تیاری کریں اگلے ہفتے دودھ کا دودھ پانی کاپانی ہوجائےگا ، اگلے ہفتے سب کو پتا چل جائے گا ملک میں آئین ہے یا جنگل کا قانون۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ آئین کے مطابق اسمبلی ختم ہو تو 90دن میں الیکشن ہونے تھے،  نگران حکومت نے الیکشن کے لئے ایک کام نہیں کیا، نگران حکومت کی اب کوئی آئینی حیثیت نہیں، ملک میں 70 فیصد عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں۔

ناصر باغ میں عمران خان کے خطاب کے بعد ریلی اختتام پذیر ہوگئی اور سابق وزیراعظم زمان پارک روانہ ہوگئے۔ 

 قبل ازیں  ریلی میں گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ ہماری یوم مئی کی ریلی کیلئے لاہور سے زبردست رسپانس ملا، شاندار آغاز کے بعد ریلی اوربھی زورپکڑرہی ہے، یہ ان کیلئے انتباہ ہے جو سپریم کورٹ اور آئین کی خلاف ورزی کاسوچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام الیکشن سے بھاگ کرسپریم کورٹ احکامات کی خلاف ورزی کرنیوالی مافیاکوبرداشت نہیں کریں گے، عوام آئین کی خلاف ورزی کرنیوالی مافیاکوبرداشت نہیں کریں گے، ملک نازک معاشی صورتحال سےگزررہاہے، ہمارا ملک سڑکوں پر ہونے والی بڑی تحریک کامقابلہ نہیں کرسکے گا۔

مزید خبریں :