02 مئی ، 2023
گجرات میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر پولیس نے رات گئے چھاپہ مارا۔
ذرائع کے مطابق گجرات میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کنجاہ ہاؤس پر پولیس نے چھاپہ مارا، پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر گھر کے اندر داخل ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے رہائش گاہ کے تمام کمروں کی تلاشی لی اور ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی، پرویز الٰہی کے بارے میں بھی پوچھتے رہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب گھر پر نہیں ملے تاہم کچھ دیر بعد اہلکار واپس چلے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کنجاہ ہاؤس سے حراست میں لیے گئے تین ملازمین پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیے گئے۔
اس کے علاوہ گجرات میں ہی چوہدری وجاہت حسین کی رہائش گاہ پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، پولیس اہلکار نت ہاؤس کی دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئے البتہ تلاشی اور ملازمین سے پوچھ گچھ کے بعد واپس چلے گئے۔
دوسری جانب چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے بھی سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ایک بار پھر چھاپہ مارا ہے، پولیس کی نفری چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کے باہر موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس سرچ وارنٹ نہیں ہے۔
دوسری جانب اینٹی کرپشن پولیس کا کہنا ہے کہ کنجاہ ہاؤس میں چھاپے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، یہ پولیس کی کارروائی ہے۔