02 مئی ، 2023
اسلام آباد: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں عمران خان اور دیگرپی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑپھوڑکیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں اسد عمر، عمر ایوب،علی نواز، حماد اظہر، حسان نیازی، اعظم سواتی، راجہ خرم نواز اور فرخ حبیب عدالت میں پیش ہوئے۔
شبلی فراز، اسدقیصر اور زلفی بخاری کی طرف سےحاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
وکیل ملزمان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 مئی کو درخواست ضمانت مقرر ہے،ان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت تک اے ٹی سی عبوری ضمانت میں توسیع کرے۔
دورانِ سماعت جج نے فرخ حبیب سے استفسار کیا کہ آپ گزشتہ دو سماعتوں پر نہیں آئے، ایسا لگا کہیں اٹھا تو نہیں لیے گئے، اس پر فرخ حبیب نے کہا کہ مجھے ملک میں گھومنے کا کوئی شوق نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 17 مئی تک توسیع کردی۔
واضح رہےکہ جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی پیشی کے دوران توڑ پھوڑ پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی میں مقدمات درج ہیں۔