فیکٹ چیک :خواجہ آصف کا دعویٰ غلط ہے کہ برازیلین شہریوں کو دفاع میں ڈاکوؤں کو مارنے کی اجازت ہے

وزیر دفاع کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی یہ ویڈیو ان جرائم کا مجموعہ ہے جو مختلف اوقات میں مختلف ممالک میں پیش آئے، جن میں شہریوں کو اپنا دفاع کرتے دیکھا جا سکتا ہے

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کی ہے جس میں انہوں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ برازیل کا قانون اپنے شہریوں کو کسی بھی جرم کو روکنے کیلئے ڈاکوؤں کو روندنے کی اجازت دیتا ہے۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

25 اپریل کو پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنے 2.4 ملین فالوورز کے لیے ایک ویڈیو ٹوئٹ کی جس میں مبینہ طور پر ہٹ اینڈ رن (مارو اور بھاگ جاؤ) کے مختلف واقعات دکھائے گئے، جہاں برازیل میں لوگوں نے ڈکیتی کی کوشش کو روکنے کے لیے اپنی گاڑیوں کو مجرموں سے ٹکرا دیا۔

انہوں نےاپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ” برازیل میں قانون میں اجازت دے دی گئی ہے ڈکیتی کی واردات کو روکنے کیلئے آپ ڈاکوؤں کو گاڑی سے روند سکتےہیں۔“

ان کی طرف سے شیئر کی گئی اس ویڈیو کو ٹوئٹر پر 650,000 مرتبہ دیکھا اور  10,000سے زائد مرتبہ لائک کیا گیا ہے۔

حقیقت

برازیل میں ایسا کوئی قانون نافذ نہیں کیا گیا ، بین الاقوامی سطح پر کسی بڑے میڈیا ادارے نے اس خبر کو رپورٹ نہیں کیا۔

مزید یہ کہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی ویڈیو مختلف اوقات، مختلف ممالک میں پیش آنے والے جرائم کا مجموعہ ہے، جہاں شہریوں کو اپنا دفاع کرتےہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان واقعات کا برازیل کی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی طرف سے ٹوئٹ کی گئی یہ ویڈیو  پانچ مختلف کلپس کا مونتاژ (مجموعہ) ہے۔

پہلی ویڈیو ایکواڈور کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک کار چور کے اوپر سے گزرتی ہے۔

ریورس امیج سرچ سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ خبر میڈیا آرگنائزیشن میٹرو  ایکواڈور نے گذشتہ مئی میں دی تھی۔

نیوز رپورٹ کے مطابق ایک خاتون نے دو مشتبہ مجرموں کو اس وقت روند دیا جب انہوں نے اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

مختلف ویڈیوز کے مجموعہ میں استعمال ہونے والی دوسری ویڈیو برازیل کی ہےجو نومبر 2020 ء میں ریکارڈ کی گئی تھی۔

برازیل کے ایک نیوز  پورٹل g1 کے مطابق سکیورٹی کیمروں میں ایک کار کو دو مجرموں سے ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تیسری فوٹیج جولائی 2021 ءکی ہے جوکہ برازیل کے شہر ساؤ پالو میں ریکارڈ کی گئی ۔

یہ واقعہ اے بی سی ڈی جرنل نے رپورٹ کیاجس کے مطابق ایک پولیس افسر اوبر کار میں سفر کر رہا تھا کہ اس پر ڈاکوؤں نے حملہ کر دیا اور اہلکار نے ڈاکوؤں پر جوابی فائرنگ کی۔

چوتھی فوٹیج بھی برازیل کے شہر ساؤ پالو کی ہے جو اکتوبر 2021 ء میں ریکارڈ کی گئی تھی۔

g1 کے مطابق سکیورٹی کیمروں میں ایک ڈرائیور کو دو ڈاکوؤں کے پیچھے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے بعد میں ڈکیتی اور تصادم کی کوشش کا مقدمہ درج کیا۔

پانچواں کلپ پھر ساؤ پالو کا ہے جس کی اطلاع برازیل کی میڈیا آرگنائزیشن میٹروپولز نے دی ہے۔

نیوز رپورٹ کے مطابق جب ڈاکو پیدل چلنے والوں سے گن پوائنٹ پر چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھےتو خاندان کے ایک فرد نے ڈکیتی کو دیکھا اور گاڑی سیدھی مشتبہ مجرموں پر چڑھا دی۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔