Time 03 مئی ، 2023
پاکستان

سپریم کورٹ کے حکم پر ہزارہ برادری کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈکیلئے تصدیق کی شرط ختم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے ہزارہ برادری کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے کے لیے تصدیق کی شرط ختم کردی۔

ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ازخود نوٹس کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت کے حکم پر ہزارہ برادری کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے کے لیےایم این اے، ایم پی اے یا چیئرمین یونین کونسل کی تصدیق کی شرط ختم کردی گئی۔

عدالت نے حکم دیا کہ یورپ اور آسٹریلیا سے آنے  والے ہزارہ برادری کے افراد کو کوئٹہ ائیرپورٹ پر ہراساں نہ کیا جائے۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے ہزارہ برادری کے وکیل سے سوال کیا کہ یہ ازخود نوٹس جس مقصد کے لیے لیا گیا تھا کیا وہ مقصد پورا ہوگیا؟ کیا ہزارہ برادری کے مسائل حل ہوگئے؟

وکیل ہزارہ برادری کا کہنا تھا کہ بینک اکاؤنٹس اور نادرا سے متعلق مسائل تاحال حل نہیں ہوئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری کے بینک اکاؤنٹس، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانےکے تمام مسائل حل ہوگئے ہیں، اب ہزارہ برادری کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے کیلیے کسی قسم کی تصدیق کی ضرورت نہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہری بالخصوص ہزارہ برادری کو ہراساں نہ کیا جائے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ہزارہ برادری کے مسائل کے حل سے متعلق لیٹر جمع کرادیا ہے، سپریم کورٹ وفاقی حکومت کی یقین دہانی کے بعد مزیدکیس کو آگے نہیں چلانا چاہتی۔

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی ہزارہ برادری کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر کیس نمٹا دیا۔

مزید خبریں :