04 مئی ، 2023
پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام نے خاموشی سے شادی کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
بدھ کی شام اداکارہ کی جانب سے اپنی شادی کی تصاویر شیئر کی گئیں جس میں انہیں سرخ رنگ کے عروسی لباس میں دیکھا جاسکتا ہے۔
مدیحہ امام کی شادی یکم مئی 2023 کو ہوئی تھی تاہم انہوں نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شئیر کرکے اس رشتے کا اعلان کیا۔
مدیحہ نے شادی کے دن میکسی اور ساتھ مہرون رنگ کا غرارا اور دوپٹہ پہنا۔
اس کے علاوہ اداکارہ کی جانب سے ایک اور تقریب کی تصاویر بھی انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر کی گئیں۔
مدیحہ نے اس تقریب پر سفید رنگ کا لباس زیب تن کیا، ان کے شوہر موجی بصر نے ایک تقریب پر تھری پیس سوٹ جب کہ شادی والے دن آف وائٹ رنگ کا کرتا شلوار پہنا۔
دوسری جانب اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی ہیں ۔
ان کے اکاؤنٹ پر اس وقت صرف 3 پوسٹس موجود ہیں جن میں سے دو عید کی جو ایک ہفتہ پہلے شیئر کی گئیں ہیں جب کہ ایک شادی کی جو گزشتہ روز پوسٹ کی گئی۔
مدیحہ امام کی شادی پر ساتھی اداکاروں سمیت مداحوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔