08 مئی ، 2023
اسلام آباد: امریکی قید میں موجود ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن فوزیہ صدیقی رواں ماہ کے آخر میں امریکی جیل میں ملاقات کریں گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستان منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو امریکا کا ویزا مل گیا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ فوزیہ صدیقی کی عافیہ صدیقی سے 29 سے31 مئی تک امریکی جیل میں ملاقات ہوگی، فوزیہ صدیقی کے ساتھ امریکی وکیل کلائیو اسمتھ بھی عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لیے انڈیپینڈنٹ ڈاکٹر ہونا چاہیے، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ وزارت خارجہ ڈاکٹرکی فراہمی کے لیے مدد کرے۔
عدالت نے حکم دیا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق دستاویزات اور معلومات وکیل سے شیئرکی جائیں، امریکی وکیل کلائیو اسمتھ یقین دہانی کرائیں گےکہ معلومات کیس کے علاوہ استعمال نہیں ہوگی، امریکی وکیل کے ساتھ معلومات شیئرکرنےکا مقصد یہ ہے کہ وہ کیس تیار کرسکیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ امریکی وکیل کلائیو اسمتھ کا شیئر کردہ ڈاکیومنٹ کانفیڈینشل رہےگا۔
عدالت نے فوزیہ صدیقی کو ہدایت کی کہ جب کبھی کوئی مسئلہ ہو تو درخواست دیں، اگلے دن سن لیں گے۔
کیس کی مزید سماعت عدالت نے 30 جون تک ملتوی کردی۔