Geo News
Geo News

Time 09 مئی ، 2023
انٹرٹینمنٹ

بلی کی وائرل ویڈیو دیکھ کر اداکار جنید نیازی پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے

پاکستانی اداکار جنید نیازی حال ہی میں سوشل میڈیا پر بلی کی وائرل ویڈیو دیکھ کر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور پھوٹ پھوٹ کر رو دیے۔

کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر بلی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں قابلِ اعتراض مواد تھا، ویڈیو پر تقریباً تمام سوشل میڈیا صارفین نے غم و غصے کا اظہار کیا اور بلی کو قتل کرنے والے شخص کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔

تاہم اسی حوالے سے جنید نیازی کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ بتارہے ہیں کہ انہوں نے دھوکے سے ویڈیو دیکھ لی۔

اداکار نے کہا کہ میں شوٹنگ سے واپس آیا اور سوشل میڈیا استعمال کررہا تھا ، ریلز دیکھتے ہوئے میرے سامنے ویڈیو آئی، مجھے لگا بلیوں کی عادت ہوتی ہے چھپ کر بیٹھنے کی، یہ بلی بھی اسی طرح چھپی ہے۔

جنید نیازی نےکہا آگے جو میں نے منظر دیکھا وہ انتہائی درد ناک تھا، یہ بتاتے ہوئے اداکار بلک بلک کر رو دیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم انسان اس قدر بے حس ہوچکے ہیں کہ انسانوں کو تو مارتے ہی ہیں اب ایک معصوم بلی کو بھی نہ چھوڑا۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ویڈیو کو ایڈٹ کرکے پیش کیا گیا ہے اور اس میں کوئی سچائی نہیں، البتہ سچ اب تک سامنے نہیں آسکا ہے۔

نوٹ: مذکورہ ویڈیو میں سنجیدہ اور قابلِ اعتراض مواد تھا جس کی وجہ سے ویڈیو خبر میں نہیں دکھائی گئی۔