09 مئی ، 2023
کراچی: ایشیا کپ 2023 میں بڑی پیشرفت کیلئے اگلے 48 گھنٹوں کو اہم قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی دبئی میں موجود ہیں جہاں آج وہ ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے تاحال حتمی اجلاس کا اعلان نہیں کیا ہے اور نجم سیٹھی کی ایشین کرکٹ کونسل کے آفیشلز سے غیر رسمی میٹنگ ہے جس میں کونسل کے ممبران ممالک کے نمائندگان شریک نہیں ہوں گے۔
ایشیاکپ ستمبر میں پاکستان میں شیڈولڈ ہے، پی سی بی ایشیاکپ کی تمام افواہوں کو بھارتی میڈیا کے پراپیگنڈے سے منسلک کررہاہے، ساتھ ہی بھارت کے انکار کی وجہ سے پی سی بی ہائبر ڈ ماڈل پیش کرچکا ہے،ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے میچز نیوٹرل مقام پراورباقی میچز پاکستان میں ہوں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ نیوٹرل مقام پر کھیلنے پرکسی صورت راضی نہیں اور ہائبرڈ ماڈل کو اے سی سی نے مسترد نہیں کردیا ہے۔
دوسری جانب ایشیاکپ کے حوالے سے پی سی بی نے بیک ڈور ڈپلومیسی کا آغاز کیا ہے،پی سی بی افغانستان، بنگلا دیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز سے رابطے میں ہے تاہم تاحال بنگلا دیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے ایشیاکپ ہائبرڈ ماڈل مسترد کرنے پر آمادگی کا اظہار نہیں کیا۔
پی سی بی ڈپلومیسی کے ذریعے رواں ایف ٹی پی میں بنگلا دیش اور سری لنکا کے ساتھ بقیہ میچز کا فائدہ بھی اٹھائےگا۔
ادھر گزشتہ افغانستان سیریز کے باعث پی سی بی افغانستان کرکٹ بورڈکی حمایت سے پرامید ہے۔
تاہم نجم سیٹھی کی آج ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران سے ملاقات کے ذریعے صورتحال مزید واضح ہوجائےگی۔