سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ میگا ڈیموں کے اشتہارات پر 13 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں جب کہ حقیقت میں اب تک 10 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں
10 مئی ، 2023
متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے شمالی علاقہ جات میں دو میگا ڈیم منصوبوں، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے اب تک اکٹھا ہونے والے فنڈز سے زیادہ رقم ان کی تشہیر پر خرچ کی ہے۔
یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ”پاکستان نے ایک ڈیم کیلئے 9 ارب روپے اکٹھے کیے، اس کے اشتہارات پر 14 ارب روپے خرچ ہوئے۔“
ٹوئٹر صارف نے ایک گرافک بھی شیئر کیا جس میں لکھا ہے کہ ”جھوٹ کے 4 سال۔ پی ٹی آئی کا میگا پراجیکٹ دیامر بھاشا ڈیم فنڈ۔ “ مزید اس گرافک میں بھارتی اخبار’ فرسٹ پوسٹ‘ کی ایک خبر کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
ایک اور ٹوئٹر صارف نے اسی طرح کے دعویٰ کے ساتھ یہی گرافک شیئر کیا۔
جبکہ 18 اپریل کو ایک وکیل نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک ڈیموں کے اشتہارات پر 13 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے مرکزی بینک کے ترجمان نے ان تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کے لیے لوگوں سے چندہ اکٹھا کرنے کی اپیل کے لیے میڈیا کے اشتہارات پر صرف 10 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے چیف ترجمان عابد قمر نے واٹس ایپ کے ذریعے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ ان الزامات میں ”کوئی سچائی نہیں“ کہ بھاری رقم خرچ کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”ہم نے چند اخباری اشتہارات پر 10 لاکھ روپے سے بھی کم خرچ کیا ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں۔“
تاہم عابد قمر نےجیو فیکٹ چیک کے ساتھ متعلقہ دستاویزات شئیر کرنے یا اس رقم کی ادائیگی کے بارے میں مزیدمعلومات فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ”معذرت ، میں مزید تفصیلات نہیں بتا سکتا۔“
جبکہ جنوری 2019 ء میں اس وقت کے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ٹیلی وژن چینلز پر 13 ارب روپے کے ”مفت اشتہارات“ نشر کیے گئے ہیں۔ جیو ٹیلی ویژن نے اسے نشر بھی کیا تھا۔
10 جولائی2018 ء کو پاکستان کے فنانس ڈویژن نے سپریم کورٹ کے اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر سپریم کورٹ آف پاکستان دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کے ٹائٹل سے ایک بینک اکاؤنٹ قائم کیا۔
یہ بینک اکاؤنٹ پاکستان میں دو بڑے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیموں کی تعمیر کے لیے12.4 بلین ڈالر جمع کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ ان منصوبوں میں ذاتی طور پر دلچسپی لیتے ہوئے کراؤڈ فنڈنگ مہم کا آغاز ثاقب نثار نے کیا تھا۔
دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ اب مشترکہ طور پر اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک آف پاکستان کے زیر انتظام ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر درج تفصیلات کے مطابق اب تک 16.9 بلین روپے سے زائد فنڈز جمع ہو چکے ہیں۔
جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 52 ممالک کے لوگوں نے فنڈ میں حصہ ڈالا ہے۔
اضافی رپورٹنگ فیاض حسین کی جانب سے
ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔