Time 11 مئی ، 2023
پاکستان

آج کا حکم نامہ نیب کی القادر ٹرسٹ کیس کی کارروائی پر اثرانداز نہیں ہوگا: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ کا آج کا حکم نامہ نیب کی القادر ٹرسٹ کیس کی کارروائی پر اثرانداز نہیں ہوگا— فوٹو: فائل
سپریم کورٹ کا آج کا حکم نامہ نیب کی القادر ٹرسٹ کیس کی کارروائی پر اثرانداز نہیں ہوگا— فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کی طرف سے عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیے جانے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گيا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری حکم نامہ 3 صفحات پر مشتمل ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہاگیا ہے کہ عمران خان کو غلط اور غیر قانونی طریقے سے گرفتار کیا گیا، عمران خان کی گرفتاری سے عدالتی وقار مجروح ہوا کیونکہ وہ پہلے ہی سرنڈر کرچکے تھے، گرفتاری سے عمران خان کے بنیادی حقوق متاثر ہوئے۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ عمران خان حفاظت کے پیش نظر پولیس کسٹڈی میں ہی رہیں گے، سپریم کورٹ نے عمران خان کو کل صبح 11 بجے تک اسلام آباد ہائی کورٹ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کل صبح 11 بجےتک پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس میں رہیں گے، رجسٹرار ہائی کورٹ عمران خان کا کیس 11 بجے مقرر کرنے کے لیے چیف جسٹس کے سامنے رکھیں۔

سپریم کورٹ نے عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دینے کا حکم بھی دیا۔ حکم نامے میں مزید کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے طریقۂ کار کے خلاف عمران خان صبح 11 بجے ہائی کورٹ سے رجوع کریں، عمران خان کو جس طرح گرفتار کیا گیا اس سے انصاف تک ان کی رسائی کا حق متاثر ہوا ، گیسٹ ہاؤس میں عمران خان کو صرف 10 افراد سے ملنے کی اجازت ہوگی، عمران خان کی خواہش تک 10 افراد ان کے ساتھ رہیں گے، یہ حکم عمران خان کے ہائی کورٹ میں پیش ہونے تک برقرار رہے گا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا آج کا حکم نامہ نیب کی القادر ٹرسٹ کیس کی کارروائی پر اثرانداز نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :