12 مئی ، 2023
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ملک میں بند انٹرنیٹ سروس بحال ہونے سے متعلق اعلان کیا ہے۔
9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد حکومت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس محدود کردی تھی جبکہ سوشل میڈیا تک رسائی کو بھی محدود کردیا گیا تھا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو رہا کیے جانے کے حکم کے بعد عوام توقع کررہے تھے کہ اب ملک میں فوری طور پر انٹرنیٹ سروس معمول پر آجائے گی لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
ذرائع پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کے بعد ہی ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائےگی۔
تاہم جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں رانا ثنا ءاللہ نے ملک میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کے حوالے سے اعلان کیا۔
رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ ایک آدھ دن میں ملک میں انٹرنیٹ سروس بحال ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے انٹرنیٹ کی بندش فوری ختم کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور پی ٹی اے سے 22 مئی کو جواب طلب کیا ہے۔