13 مئی ، 2023
بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور نوجوان سیاستدان راگھو چڈھا کی منگنی آج دہلی میں ہونے جارہی ہے جس کی کچھ تفصیلات بھارتی میڈیا نے شیئر کی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی منگنی دہلی کے کپورتھلا ہاؤس، کناٹ پیلس میں منعقد کی جائے گی جس میں تقریباً 150 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے، ان افراد میں قریبی رشتہ دار اور دوست احباب شامل ہوں گے۔
بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق پرینیتی چوپڑا کی کزن اور اداکارہ پریانکا چوپڑا آج صبح دہلی ائیر پورٹ پر شوہر اور بیٹی کے بغیر نظر آئیں، کہا جارہا ہے کہ پریانکا کزن کی منگنی کے لیے دہلی آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تقریب کا آغاز شام 5 بجے متوقع ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پرینیتی کے بھائی سہج اور شیوانگ، جن کا اپنا کیٹرنگ کا بزنس ہے وہی کھانے کے انتظامات کریں گے۔
دی اولڈ دہلی نامی ان کی کمپنی دہلی کے پرانے زمانے کے کباب، رولز اور دیگر مقامی پکوان پکانے کے لیے مشہور ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امکان ہے پرینیتی کی منگنی کے مینیو میں بھارت کا روایتی کھانا اور ویگن کھانا ہوگا، اس تقریب میں کئی طرح کے کباب بھی ہوں گے جو خصوصی طور پر مہمانوں کے لیے بنائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما راگھو چڈھا اور بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے لندن اسکول آف اکنامکس میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کی ہے۔