Time 15 مئی ، 2023
دلچسپ و عجیب

سائنسدان نے زیرآب سب سے زیادہ دن رہنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

پروفیسر جوزف ڈیٹوری / رائٹرز فوٹو
پروفیسر جوزف ڈیٹوری / رائٹرز فوٹو

ہو سکتا ہے کہ زیر آب کئی ہفتے گزارنے کا خیال متعدد افراد کو تشدد کرنے کا ذریعہ محسوس ہوتا ہو۔

مگر امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک یونیورسٹی پروفیسر نے 74 دن زیر آب رہ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

پروفیسر جوزف ڈیٹوری کو ڈاکٹر ڈیپ سی بھی کہا جاتا ہے اور انہوں نے فلوریڈا میں اسکوبا ڈائیورز کے لیے زیر آب قائم جولیس انڈر سی لاجز میں رہ کر یہ ریکارڈ بنایا۔

ان کا رہائشی پوڈ بحر اوقیانوس کی سطح سے 30 فٹ گہرائی میں موجود ہے اور 100 اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

اگرچہ یہ بہت چھوٹی جگہ تھی مگر اس میں ان کے کام کرنے کے حصے کے ساتھ ساتھ کچن، باتھ روم، 2 سونے کے کمرے اور ایک چھوٹا سا سوئمنگ پول بھی تھا، جو درحقیقت اندر آنے اور باہر جانے کا راستہ بھی تھا۔

پروفیسر جوزف یکم مارچ کو اس جگہ رہنے کے لیے آئے تھے اور ابھی بھی باہر نہیں آئے ہیں۔

وہ یکم مارچ سے زیرآب رہ رہے ہیں / رائٹرز فوٹو
وہ یکم مارچ سے زیرآب رہ رہے ہیں / رائٹرز فوٹو

اس سے قبل یہ ریکارڈ 2014 میں بروس سینٹرول اور جیسیکا فین نے قائم کیا تھا جو اسی جگہ 73 دن 2 گھنٹے اور 34 منٹ تک مقیم رہے تھے۔

پروفیسر جوزف نے یہاں رہنے کا فیصلہ صرف ریکارڈ قائم کرنے کے لیے نہیں کیا تھا اور وہ 9 جون تک وہاں رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں، یعنی 100 دن مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

آبدوز کے برعکس اس لاج میں ایسی ٹیکنالوجی موجود نہیں تھی جو زیرآب موجود دباؤ سے مطابقت میں مدد فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے اسے پراجیکٹ نیپچون 100 کا نام دیا ہے جس کا مقصد طبی اور سمندری تحقیق کو باہم ملا دینا ہے۔

ساؤتھ فلوریڈا یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر کا کہنا تھا کہ 'میں اس ریکارڈ کو سراہتا ہوں مگر ہمیں سائنس کے حوالے سے کافی کچھ کرنے کی ضرورت ہے'۔

ان کی اس تحقیق کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ بہت زیادہ دباؤ میں طویل عرصے تک رہنے پر انسانی جسم کی جانب سے کیا ردعمل ظاہر کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں :