16 مئی ، 2023
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب شہری گلی میں لڑائی کے دوران اپنا پالتو اژدھا بطور ہتھیار لے آیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں 45 سالہ شخص لارینیو اویلا کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے پالتو سانپ کو کس طرح ایک ڈنڈے کے طور پر استعمال کررہا ہے اور زمین پر لیٹے شخص کو بری طرح مار رہا ہے۔
سی بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ 10 مئی کی شب 11 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔
تاہم مار کھانے والا شخص اپنا دفاع کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن وہ ناکام رہتا ہے اور لارینیو اسے بری طرح پیٹتا رہتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ جھگڑے کے کچھ منٹ بعد ہی ٹورنٹو پولیس کی ایک گاڑی آجاتی ہے اور پولیس اہلکار دونوں میں بیچ بچاؤ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں جب کہ حملہ آور سانپ کو زمین پر گرا دیتا ہے۔
واقعہ سے متعلق پولیس نے بتایا کہ انہیں ایک ایسے شخص کے بارے میں کال موصول ہوئی تھی جو لوگوں کو اژدھے سے خوفزدہ کررہا تھا، تاہم یہ وجہ سامنے نہیں آسکی کہ دونوں میں لڑائی کی شروعات آخر کس بات پر ہوئی تھی۔