18 مئی ، 2023
ہم میں سے بہت سے لوگ اپنے ٹوتھ برش باتھ روم میں رکھتے ہیں جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ بہت سے گھروں میں ٹوائلٹ اور واش بیسن ایک ہی جگہ ہوتا ہے، بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ گھروں میں ٹوائلٹ الگ اور منہ دھونے کے لیے واش بیسن باہر ہو۔
تاہم اگر آپ کا سنک اور ٹوائلٹ ایک ہی جگہ ہے اور آپ وہیں اپنا ٹوتھ برش بھی رکھتے ہیں تو آپ بہت سنگین اور بڑی غلطی کررہے ہیں۔
ماہرین نے اس حوالے سے لوگوں کو تنبیہہ کی ہے اور بتایا ہے کہ ٹوتھ برش باتھ روم میں نہیں رکھنا چاہیے، یہ ایک بدترین جگہ ہے کیونکہ یہ جراثیم کا گڑھ ہے۔
باتھ روم میں موجود ٹوائلٹ ٹوتھ برش کو شدید آلودہ کردیتا ہے پھر چاہے آپ اس پر کتنے ہی ڈھکن چڑھا لیں۔
ایک تحقیق کے مطابق جب ٹوائلٹ کو فلش کیا جاتا ہے تو باتھ روم میں فیکل فاؤنٹین بنتا ہے جو جراثیم پھیلاتا ہے اور باتھ روم کی دیواروں سمیت ہر جگہ پہنچتا ہے۔
فیکل فاؤنٹین کیا ہوتا ہے؟
فیکل فاؤنٹین فضلے کا چھوٹے ذرات کو کہا جاتا ہے جنہیں آپ جراثیم بھی کہہ سکتے ہیں، یہ انتہائی چھوٹے ہوتے ہیں جو اُڑ کر پھیلتے ہیں۔
اور یہ ڈھکن لگے برش پر بھی پہنچ جاتے ہیں، اسی لیے ماہرین ٹوائلٹ سیٹ ڈھک کر فلش کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
لہٰذا ٹوتھ برش کو کبھی بھی ٹوائلٹ کے قریب نہ رکھیں، کوشش کریں اسے اپنے کمرے میں رکھیں اور جب برش کرنا ہو تب استعمال کریں۔