20 مئی ، 2023
جرمنی میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں دوران سرجری خاکروب( صفائی کرنے والے) سے مدد لینے پر ڈاکٹر کو نوکری سے نکال دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن اسپتال نے مریض کے پاؤں کی سرجری کے دوران آپریشن تھیٹر میں موجود خاکروب کی معاونت لینے پر ڈاکٹر کو برطرف کر دیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر نے سرجری کے دوران وہاں موجود خاکروب سے مریض کی ٹانگ پکڑنے اور آلات دینے کی مدد لی تھی۔
یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب اسپتال کے منیجر نے آپریشن تھیٹر کے اندر خاکروب کو ہاتھ میں خون آلود آلات کے ساتھ دیکھا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ سرجری کے نتیجے میں مریض کو کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا لیکن اسپتال نے ڈاکٹر کو غیر پیشہ ورانہ قدم اٹھانے پر نوکری سے فارغ کر دیا۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے ڈاکٹر کی غلطی یہ تھی اس نے پیشہ ورانہ ٹیم کی غیر موجودگی میں مریض کی سرجری شروع کردی جس وجہ سے اسے بعد میں خاکروب کی مدد لینا پڑی۔