فیکٹ چیک: میانوالی میں جلایا جانے والا طیارہ ایم ایم عالم کا نہیں تھا

احتجاج کے دوران جلایا جانے والا طیارہ درحقیقت F-6 تھا جسےپنجاب کے شہر میانوالی میں بطور یادگار نصب کیا گیا تھا۔

احتجاج کے دوران جلایا جانے والا طیارہ درحقیقت F-6 تھا جسےپنجاب کے شہر میانوالی میں بطور یادگار نصب کیا گیا تھا۔

مریم نواز شریف نےاپنی ایک ٹوئٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ 9 مئی کومشتعل ہجوم نے میانوالی میں ایک طیارہ نذر آتش کر دیا جسے پاکستانی پائلٹ اور ہیرو ایم ایم عالم نے جنگ کے دوران اڑایا تھا۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

14 مئی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما مریم نواز شریف نےاپنی ایک ٹوئٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ 1965ءکی جنگ کے دوران محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) نےجو طیارہ اڑایا تھا اسے پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں نے 9 مئی کومیانوالی میں جلا دیا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ”جس طیارے سے ایم ایم عالم نے ایک منٹ کے اندر بھارت کے چھ جنگی جہاز مار گرائے تھے، تم اور تمھارے بلوائیوں نے قومی فخر کی اس علامت کو جلا کر راکھ کر دیا ؟ عمران تم پاکستانی کہلانے کے لائق ہو؟ تمھارا کوئی رشتہ ہے اس مٹی سے؟ کون ہو تم؟ کس نے تمھیں بھیجا ہے؟“

اس نیوز آرٹیکل کےشائع ہونے تک اس ٹوئٹ کو 7,000سے زائد مرتبہ ری ٹوئٹ اور 16,500مرتبہ لائک کیا گیا، جبکہ اس ٹوئٹ کو اور 3.8ملین بار دیکھا جا چکا ہے۔

حقیقت

اس حوالے سے معلومات رکھنے والے دو اعلیٰ سرکاری افسران نےجیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حقیقت میں 9 مئی کے احتجاج کے دوران جلایا جانے والا طیارہ F-6 تھا، جسے پنجاب کے ضلع میانوالی میں ایک یادگار کے طور پر نصب کیا گیا تھا۔

جبکہ ہمارے جنگی ہیرو ایم ایم عالم کے زیرِ استعمال اصل طیارہ کراچی میں قائم پاکستان ایئر فورس میوزیم میں رکھا گیا ہے۔

کراچی کے پاکستان ایئر فورس میوزیم میںموجود ایم ایم عالم کا زیرِ استعمال طیارہ F-86سیبر
کراچی کے پاکستان ایئر فورس میوزیم میںموجود ایم ایم عالم کا زیرِ استعمال طیارہ F-86سیبر

ایک سینئر سرکاری افسر نےاپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ” کراچی میں پاکستان ائیر فورس کا میوزیم ہےشاہراہ فیصل کے اوپر ،تو وہ والا [تاریخی]جہاز ایف 86 سیبر تھا ، اور وہ وہیں پہ کھڑا ہوا ہے۔ “

انہوں نے مزید کہا کہ میانوالی میں جلایا جانے والا طیارہ F-6 تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ”یہ ایک لوہے کا جہاز ہے جس کے اندر کوئی انجن نہیں ہوتا، یہ تو بیسکلی[بنیادی طور پر] ڈمی ہوتے ہیں، خالی ہوتے ہیں، جب اسے جلایا گیا تو اس کا سرامک پینٹ تھا ، وہ جل گیا،اس کو صاف کیا گیا، اس کے اوپر دوبارہ پینٹ کیا اور وہ جہاز اب بھی اسی طرح نیا نویلا وہاں پہ دوبارہ لگا ہوا ہے۔ “

ایک اورسینئر سرکاری آفسر کا بھی یہی کہنا تھا کہ ایم ایم عالم کے زیراستعمال طیارہ صوبہ سندھ کےدارالحکومت کراچی میں قائم پاکستان ائیر فورس میوزم میں موجود ہے۔

اضافی رپورٹنگ نادیہ خالد

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔