کھیل

نیشنل گیمز والی بال: ہائر ایجوکیشن کمیشن نے برانز میڈل حاصل کرلیا

کوئٹہ میں جاری نیشنل گیمز کے والی بال ایونٹ میں ایچ ای سی کی کھلاڑیوں نے اپنے شاندار اور عمدہ کھیل کی بدولت سب کے دل موہ لیے— فوٹو : جیو نیوز
کوئٹہ میں جاری نیشنل گیمز کے والی بال ایونٹ میں ایچ ای سی کی کھلاڑیوں نے اپنے شاندار اور عمدہ کھیل کی بدولت سب کے دل موہ لیے— فوٹو : جیو نیوز

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے کوئٹہ میں جاری نیشنل گیمز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے والی بال ایونٹ میں برانز میڈل حاصل کرلیا۔

کوئٹہ میں جاری نیشنل گیمز کے والی بال ایونٹ میں ایچ ای سی کی کھلاڑیوں نے اپنے شاندار اور عمدہ کھیل کی بدولت سب کے دل موہ لیے،  خاص طور پر ایونٹ کی سب سے مضبوط ٹیم پاکستان آرمی کے خلاف ان کا کھیل قابل دید رہا جس کی سب نے ہی بھر پور ستائش کی۔

تیسری پوزیشن کے میچ میں ایچ ای سی کی پر عزم کھلاڑیوں نے بہترین اسکلز اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان بلوچستان کے خلاف3-0 سے کامیابی سمیٹ کر برانز میڈل جیتا۔

ایچ ای سی کی کپتان عروج زاہد کو 34ویں نیشنل گیمز کی بہترین اسپائیکر کا ایوارڈ بھی ملا جو کہ ان کی بہترین صلاحیتوں کا اعتراف بھی تھا۔ ان کے علاوہ ناصرہ، زینب، ثانیہ، اقصیٰ، ام حبیبہ، تانیہ، فرح اور انعم نے بھی نیشنل گیمز میں شاندار کھیل پیش کیا۔

ایچ ای سی کی اس بہترین پرفارمنس پر ڈائریکٹر اسپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن نے نہ صرف اطمینان کا اظہار کیا بلکہ ٹیم کی کپتان عروج زاہد سمیت تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد بھی پیش کی۔

انہوں نے ٹیم منیجر اسد حسین شیخ اور کوچز مقصود خالد اور نعمان الدین خان کے ساتھ ساتھ لیڈی اسکاٹ نسرین فاخرہ کی محنت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں بھی مبارکباد دی۔

مزید خبریں :