Time 21 مئی ، 2023
پاکستان

دہری شہریت رکھتی ہوں اپنے سفارتخانے سے رابطہ کررہی: خدیجہ شاہ کی آڈیو سامنے آگئی

کور کمانڈر ہاؤس لاہور پر حملے میں مطلوب پاکستان تحریک انصاف کی سپورٹر و معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ نے پاک فوج کی اعلیٰ قیادت سے معافی مانگ لی۔

فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی آڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہا مگر پولیس کو گرفتاری دینے کے بجائے وہ گھر سے فرار ہوگئیں تھیں۔

آڈیو میں خدیجہ شاہ کی کا کہنا تھاکہ میں گرفتاری دینے جارہی ہوں ، یہ فیصلہ میں نے اس لیے کیا کیوں کہ پچھلے5 دن میرے لیے بہت مشکل گزرے مجھے اپنی پراوہ نہیں ہے لیکن انھوں نے جو کچھ میری فیملی کے ساتھ کیا وہ ناقابل برداشت ہے ان لوگوں نے میرے والد، بھائی اور شوہر کو آدھی رات کے دوران گھر میں گھس کر اغوا کیا۔

آڈیو میں خدیجہ شاہ نے تسلیم کیا کہ اس نے فوجی قیادت کے خلاف نامناسب ٹوئٹ کیے اور کہا کہ جذبات میں آکر کیے گئے ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دیے تھے اور اس پرمعافی چاہتی ہوں۔

خدیجہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کے وقت وہاں موجود تھی، حملے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پرشیئر کیں تاہم کسی کو آگ لگانے، توڑ پھوڑ کرنے پر نہیں اکسایا۔

ان کا کہنا تھاکہ  میں سابق آرمی چیف کی نواسی ہوں اور فوجی زیادہ شہری کم ہوں۔

آڈیو میں انہوں نے کہا کہ میں دہری شہریت رکھتی ہوں اپنی ایمبیسی سےرابطہ کررہی ہوں۔

انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ مجھ جیسی خواتین کو جیلوں میں نہ ڈالیں۔

واضح رہے کہ لاہور کے جناح ہاؤس پر 9 مئی کو ہونے والے حملے کی تحقیقات جاری ہیں پولیس نے گزشتہ روز  خدیجہ شاہ کے گھر چھاپہ مارا تھا اور ان کے شوہر کو حراست میں لے لیا تھا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ خدیجہ شاہ جناح ہاؤس پر حملے کی مرکزی ملزمہ ہیں، پولیس پہنچنے پر خدیجہ شاہ پچھلے دروازے سے نکل گئیں تھیں جس کی سی سی ٹی وی بھی آگئی ہے۔

مزید خبریں :