22 مئی ، 2023
کیا آپ بھی اس چلچلاتی گرمی اور تپتی دھوپ کے دنوں میں ایک نہیں کئی بار نہاتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو یہ عمل آپ کی صحت کیلئے خطرہ بن سکتا ہے کیسے آئیے جانتے ہیں۔
صحت مند جلد پر تیل کی تہہ اور اور اچھے بیکٹریا موجود ہوتے ہیں لیکن غسل کے وقت صابن کا استعمال اس تہہ کو ختم کردیتا ہے، یہی وجہ ہےکہ طبی ماہرین گرمیوں میں بھی ایک بار غسل کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ جلد سے اچھے بیکٹریا ختم نہ ہو ں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نہانے سے انسان کی جلد خشک اور روکھی ہوجاتی ہے جس کے ذریعے جلد میں بیکٹریا آسانی سے داخل ہوسکتے ہیں ، یہ بیکٹریا جلد میں انفیکشن کا سبب بن سکتے ہیں اور یہ عمل جسم کے مساموں کو کھول دیتا ہے جس سے آپ کو متعدد وائرسز کا سامنا ہو سکتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ماہرین نہانے کے بعد جلد کو موئسچرائز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
اینٹی باڈیز کی تیاری اور قوت مدافعت کیلئے جسم کو اچھے بیکٹریا کی ضرورت ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹرز بچوں کیلئے روزانہ نہانا صحت مند قرار نہیں دیتے، بار بار غسل لینے سے انسان کا مدافعتی نظام ٹھیک طرح سے کام نہیں کرتا۔
ماہرین کے مطابق حساس جلد والے افراد کو 5 منٹ سے زیادہ غسل نہیں لینا چاہیے، مزید برآں ایسے افراد کو ایک منٹ سے زیادہ شاور کے نیچے نہیں رہنا چاہیے کیونکہ زیادہ پانی کا استعمال جلد اور بالوں دونوں کیلئے نقصان دہ ہے۔