23 مئی ، 2023
اداکارہ جویریہ سعود نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری کی ایک اداکارہ نے ان کی سعود سے شادی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔
حال ہی میں ایک ویب شو میں گفتگو کے دوران اداکارہ نے اپنے کیرئیر سمیت نجی زندگی کے حوالے سے بات کی اور انٹرویو میں چند انکشافات بھی کیے۔
جویریہ نے بتایا کہ سعود کے گھر والے میرے والدین سے رشتے کی بات کرنے تین مرتبہ آئے، پہلے رشتہ داروں کو لائے تو بات نہ بنی، دوسری بار آئے تو انڈسٹری کے تقریباََ تمام بڑے اداکاروں جن میں شان، ریمبو اور امجد صابری سمیت دیگر کو ساتھ لے کر آئے تاکہ میرے والدین کو شادی کے لیے پرسکون انداز میں راضی کرسکیں۔
اداکارہ نے ہنستے ہوئے بتایا لیکن جب تمام بڑے اداکاروں کو لانے کے بعد بھی بات نہیں بنی تو پھر تیسری مرتبہ وہ لوگ آرمی سے اپنے کچھ دوستوں کو ساتھ لے آئے، وہ اپنے ساتھ لائے ہی مٹھائی تھے کہ اب ہم ہاں سنیں گے جس کے بعد میرے والدین راضی ہوگئے تو سعود نے شادی تک انڈسٹری کے لوگوں سے منگنی کو چُھپائے رکھنے کا فیصلہ کیا۔
جویریہ سعود نے بتایا کہ سعود نے منگنی چُھپانے کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ کوئی ہمارے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش نہ کرے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ جب شادی طے ہونے والی تھی تو ہمارے گھر میں ایک اداکارہ رشتے داروں کے ساتھ عیدی لائیں اور انہوں نے میری والدہ سے آکر کہا کہ سعود کی تو امریکا میں ایک شادی ہوچکی ہے اور اس نے اپنی بیوی امریکا میں رکھی ہوئی ہے، وہاں دو بیویاں نہیں رکھ سکتے ایک وقت میں، اس لیے آپ کو اپنی بیٹی کی شادی اس سے نہیں کروانی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ پھر مجھے بعد میں پتا چلا کہ وہی اداکارہ سعود کے گھر بھی گئیں اور ان کی والدہ سے کہا کہ جویریہ تو بچوں کی ماں ہے۔
جویریہ نے مزید کہا کہ ہم نے اداکارہ کی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور شادی کرلی۔
خیال رہے کہ سعود اور جویریہ 2005 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، دونوں کی ایک بیٹی جنت اور بیٹا ابراہیم ہے۔