کھیل

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اہم ایونٹس کیلئے ایک اور برطانوی فٹبالر کی خدمات حاصل کرلیں

27 سالہ اٹیکنگ مڈل فیلڈر اوٹس خان اپنے دادا کے پاکستانی ہونے کی بنیاد پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے اہل قرار پائے ہیں— فوٹو: جیو نیوز
27 سالہ اٹیکنگ مڈل فیلڈر اوٹس خان اپنے دادا کے پاکستانی ہونے کی بنیاد پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے اہل قرار پائے ہیں— فوٹو: جیو نیوز

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اس سال ہونیوالے اہم ایونٹس کیلئے ایک اور برطانوی فٹبالر کی خدمات حاصل کرلی ہیں، مانچسٹر  یونائٹیڈ اکیڈمی سے ابھر کر آنے والے گرمسبی ٹاؤن کے اوٹس خان پاکستان کی نمائندی کیلئے کلیئر قرار دے دیے گئے ہیں۔

27 سالہ اٹیکنگ مڈل فیلڈر اوٹس خان اپنے دادا کے پاکستانی ہونے کی بنیاد پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے اہل قرار پائے ہیں، اوٹس کو اس سے قبل 2015 میں بھی پاکستان سے کھلانے کی کوششیں کی گئی تھیں مگر اس وقت دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا تھا۔

اوٹس مانچسٹر یونائٹیڈ اکیڈمی کی پراڈکٹ ہیں جنہوں نے اپنا پروفیشنل کیریئر شیفلڈ یونائیٹڈ سے شروع کیا اور اس وقت گرمسبی ٹاؤن ایف سی کی نمائندگی کررہے ہیں۔

دستاویزات مکمل ہونے اور فیفا سے کلیئرنس کے بعد وہ اب فوری طور پر پاکستان کی نمائندگی کیلئے تیار ہیں۔

پی ایف ایف ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اوٹس خان اگلے ماہ ماریشیس میں چار ملکی ٹورنامنٹ اور انڈیا میں ساف کپ میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے دستیاب ہوں گے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اس سے قبل انگلینڈ یوتھ ٹیم کے سابق کپتان عیسیٰ سلیمان کو بھی پاکستان کی نمائندگی کیلئے کلیئر کرایا تھا۔

مزید خبریں :