26 مئی ، 2023
کراچی میں شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے بیوہ اور اس کے 2 سالہ بچے کو قتل کردیا،ملزمان گھر سے نقد رقم، سونے کے زیورات اور موبائل فون لے گئے۔
قائد آباد گوشت گلی میں ڈاکوؤں نے گھر میں بیوہ خاتون فائزہ کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے کے بعد مقتولہ کے 2 سالہ بیٹے زوہان کو بھی پانی کے ٹینک میں ڈبو کر جان سے مار دیا۔
مقتولہ گھر پر اکیلی رہتی تھی اور عدت گزار رہی تھی۔
مقتولہ کے بھتیجے حماد نے جیونیوز کو بتایا کہ شام میں چچی کے گھر کا چکر لگایا تو مرکزی دروازہ کھلا تھا،رات 8 بجے مقتولہ کی بہن اور بھتیجی گھر آئے اور کھڑکی سے جھانک کر دیکھا تو فائزہ خون میں لت پڑی تھیں۔
پولیس کے مطابق کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔
مقتولہ کے گھر کی الماری کھلی ہوئی تھی،گھر سے سونا، نقد رقم اور مقتولہ کا موبائل فون بھی غائب ہے،مقتولہ اپنے شوہر کی دوسری بیوی تھی۔