28 مئی ، 2023
امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی پروگرام کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان امریکا روانہ ہوگئے۔
بابراعظم اورمحمدرضوان ہارورڈ یونیورسٹی بزنس اسکول کےایجوکیشن پروگرام میں شرکت کریں گے۔
دونوں قومی کرکٹرز ہارورڈ یونیورسٹی کےایجوکیشن پروگرام میں شرکت کرنے والے پہلے پروفیشنل کرکٹرز ہوں گے، بابر اور رضوان 31 مئی سے 3 جون تک ہارورڈ یونیورسٹی ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کریں گے۔
ہارورڈ یونیورسٹی ایجوکیشن پروگرام ہارورڈ بزنس اسکول بوسٹن میں منعقد ہوگا۔
بابر کا تبصرہ:
اس حوالے سے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میں اپنی ساری زندگی سیکھتا ہی آیا ہوں، میں نے اس پروگرام سے متعلق پروفیسر البرس اور طلحہ رحمانی سے تفصیلی گفتگو بھی کی ہے، میں ہارورڈ میں اس عالمی معیار کے پروگرام میں سیکھنے اور نیا تجربہ کرنے کے لیے جانا چاہتا ہوں۔
قومی کرکٹر نے کہا مجھے یقین ہے کہ دنیا کے کونے کونے سے آنے والے مختلف شعبہ جات کے لوگوں سے مجھے بہت کچھ سیکھنے کو ملےگا۔
رضوان کا اظہارِ خیال:
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ایسے باوقار عالمی اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، ہم ہارورڈ کے بی ای ایم ایس (BEMS) پروگرام میں جا رہے ہیں تاکہ دنیا کے بہترین لوگوں سے سیکھ سکیں۔
رضوان نے کہا کہ مجھے یقین ہےکہ یہ ایک دلچسپ سفر ہوگا، میں کرکٹ کی دنیا کے اگلے سپر اسٹارز کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنےکا منتظر ہوں۔