Time 30 مئی ، 2023
کھیل

دھونی کی چنئی سپر کنگز نے پانچویں بار آئی پی ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

فوٹو: کرک انفو
فوٹو: کرک انفو

چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنز کو شکست دے کر پانچویں مرتبہ انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) کا ٹائٹل جیت لیا۔

نریندرا مودی اسٹیڈیم  احمد آباد میں اتوار کو  آئی پی ایل سیزن 16 کا فائنل شیڈول تھا لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے میچ پیر کو کھیلے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

تاہم پیر کو کھیلے گئے فائنل میں ایم ایس دھونی کی چنئی سپر کنگز  نے گجرات ٹائٹنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی اٹھالی۔

آئی پی ایل فائنل میں چنئی سپر کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، گجرات ٹائٹنز نے دعوت قبول کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔

گجرات کی جانب سے سائی سُدھرسن نے شاندار 96 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ساہا نے بھی 54 رنز بنائے۔

215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بارش ایک بار پھر بیچ میں آگئی، یوں میچ ڈی ایل ایس میتھڈ پر چلا گیا اور پھر چنئی سپر کنگز کو 15 اوورز میں 171 رنز کا ہدف ملا۔

چنئی نے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شاندار بیٹنگ کی، ڈیون کونوے نے 25 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ راہانے نے 13 گیندوں پر 27 اور شیوم دوبے نے 21 گیندوں پر 32 رنز اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو جیت کے قریب  لے آئے۔

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

 میچ آخری اوور میں جاکر سنسنی خیز ہوگیا، چنئی کو 2 گیندوں پر 10 رنز درکار تھے تاہم رویندرا جڈیجا نے پہلے چھکا اور پھر چوکا مار کر جیت گجرات ٹائٹنز کے جبڑوں سے چھین لی۔انہوں نے 6 گیندوں پر ناقابل شکست 15 رنز بنائے۔

یوں چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔دھونی کی کپتانی میں چنئی نے پانچویں مرتبہ آئی پی ایل کی ٹرافی اٹھائی۔ 

مزید خبریں :