31 مئی ، 2023
معروف شخصیات کے لیے سوشل میڈیا کسی پیسوں کے پہاڑ سے کم نہیں ہے، اس کی وجہ ان کی مقبولیت ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے برانڈز اپنی تشہیر کرواتے ہیں جب کہ بالی وڈ اسٹارز پیسے کماتے ہیں۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معروف بالی وڈ اداکارائیں اور سپر اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی انسٹاگرام پر ایک پیڈ پوسٹ کے کتنے پیسے وصول کرتے ہیں۔
رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیا گیا اور بتایا گیا کہ انسٹاگرام پر اسٹوری لگانے کی قیمت کم ہے جب کہ لنک کے ہمراہ اسٹوری لگانے کے زیادہ پیسے ہوتے ہیں، اسی طرح خالی پوسٹ لگانے کی قیمت کم جب کہ برانڈ کے اشتراک کے ساتھ پوسٹ لگانے کی قیمت کافی زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق 25 کروڑ فالوورز رکھنے والے ویرات کوہلی ایک پوسٹ لگانے کے ساڑھے تین کروڑ سے 5 کروڑ روپے لیتے ہیں۔
انسٹاگرام پر 7 کروڑ 41 لاکھ فالوورز رکھنے والی دیپیکا پڈوکون ایک پوسٹ کے ایک سے دو کروڑ روپے چارج کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ 8 کروڑ 77 لاکھ فالوورز رکھنے والی پریانکا چوپڑا ایک پوسٹ کے 2 کروڑ روپے تک وصول کرتی ہیں۔
شردھا کپور جن کے انسٹاگرام پر 8 کروڑ سے زائد چاہنے والے ہیں، وہ ایک پوسٹ کے ڈیڑھ کروڑ روپے تک چارج کرتی ہیں۔
7 کروڑ 74 لاکھ فالوورز رکھنے والی عالیہ بھٹ ایک پوسٹ شیئر کرنے کے ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے تک چارج کرتی ہیں۔
7 کروڑ 28 لاکھ فالوورز رکھنے والی کترینہ کیف ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ایک کروڑ روپے تک لیتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان معروف شخصیات کے ہمراہ کام کرنے والے ایک شخص نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی میڈیا کو بتایا کہ سلیبریٹی کا کسی بھی برانڈ کےلیے ان کا سفیر بننا ضروری نہیں ہے۔
ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر کےلیے کام کرنے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کا کہنا ہے کہ سیلیبریٹی جتنا ممکن ہوتا ہے انسٹاگرام سے کمانے کی کوشش کرتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ جب تک وہ مشہور ہیں اس پلیٹ فارم سے زیادہ سے زیادہ کمائی کرلی جائے۔