01 جون ، 2023
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے اعلیٰ عہدیداوں کے درمیان 2 روزہ میٹنگ مکمل ہوگئی۔
آئی سی سی عہدیداروں کے دورے کے دوران پی سی بی عہدیداران کےساتھ میٹنگزکے دو دور ہوئے، اس دوران آئی سی سی عہدیداران نے تاریخی مقامات اور سیف سٹی اتھارٹی کا دورہ کیا جس کے بعد چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس لاہور سےدبئی کےلیے روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق دوران میٹنگز پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بھارت جاکر ورلڈکپ کھیلنے کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کیا ہے کہ بھارت جاکر ورلڈکپ کھیلنے کا انحصارایشیا کپ کی صورتحال پر ہے، اگر بھارت نے کوئی لچک دکھائی اور پاکستان کے فارمولے پر بات کی تو مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔
میٹنگز کے دوران پی سی بی نے ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق اپنا مؤقف پیش کیا اور پاکستان نےآئی سی سی عہدیداروں سےبھارت کے رویے پرکھل کر بات کی، اس دوران پی سی بی نےبھارت میں ورلڈکپ میں شرکت کو حکومتی اجازت سے مشروط قراردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران میٹنگز پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی آمد کی ضمانت مانگی ہے اور پی سی بی نے ورلڈکپ وینیوز پر تحفظات کا اظہار کیا جب کہ پی سی بی نے آئی سی سی کے فنانشل ماڈل میں کم ریونیو شیئرنگ پرسوالات اٹھائے ہیں جس پر آئی سی سی نےاس معاملےکا جائزہ لینےکی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران آئی سی سی عہدیداروں کو ٹیموں کی آمدورفت پر بریفنگ دی گئی اور آئی سی سی عہدیداران نے سیف سٹی اتھارٹی کےدورے کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کو سراہا، میٹنگز کا اعلامیہ اور بیان آج جاری کیا جائے گا۔