پاکستان

آڈیولیک تحقیقات: پارلیمانی کمیٹی نے ثاقب نثارکے بیٹےکے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرلیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: آڈیولیک کی تحقیقات کے لیے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب سمیت 3 افراد کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرلیں۔

چیئرمین اسلم بھوتانی کی زیرصدارت آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

چیئرمین اسلم بھوتانی کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس کے بیٹے نجم الثاقب کو رولز 227 کے تحت کمیٹی نے سمن کیا تھا،کمیٹی میں طلبی کے باجود نجم الثاقب سمیت دیگر فریقین اجلاس میں نہیں آئے۔

حکام وزارت قانون کا کہنا تھا کہ نوٹس کے بعد نہ آنے پرکمیٹی سمن جاری کرسکتی ہے، سمن کے بعد بھی کوئی کمیٹی کے سامنے نہ آئے تو وارنٹ جاری کیے جاسکتے ہیں۔

اسلم بھوتانی نے سیکرٹری کمیٹی کو  ہدایت کی کمیٹی تین افراد کو سمن جاری کرے، ہمیں کسی کو طلب نہ کرنے کا عدالت کا کوئی حکم تاحال موصول نہیں ہوا۔

رکن کمیٹی شیخ  روحیل اصغر نے آڈیولیکس معاملے پر  وزارت خزانہ حکام کو بلانے کی تجویز دے دی۔

ان کا کہنا تھا کہ  وزارت خزانہ سے اکاؤنٹس کی چھان بین کرائی جائے، سابق چیف جسٹس کا بیٹا خود کو چیف جسٹس سمجھ رہا ہے۔

برجیس طاہر کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس کو چاہیے تھا کہ وہ خود اپنے بیٹےکو یہاں بھیجتے، ثاقب نثار کو قانون پر یقین ہوتا تو بیٹے کو یہاں خود بھیج کر قانون پسند ہونے کا ثبوت دیتے۔

اسلم بھوتانی کا کہنا تھا کہ فنانس ڈویژن اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی مہیا کرےکہ، یہ بھی دیکھنا ہےکہ آیا ان دنوں میں کوئی بینک ٹرانزکشن ہوئی، معاملے پر وزارت داخلہ کمیٹی کو اپنا موقف بتائے۔

حکام وزارت  داخلہ کا کہنا تھا کہ  آڈیو  پارلیمانی نظام کے لیے باعث تشویش ہے، پارلیمنٹ اس معاملےکا نوٹس لے سکتی ہے اور تحقیقات بھی کرسکتی ہے۔

قومی اسمبلی کے ایڈیشنل سیکرٹری لیجسلیشن کا کہنا تھا کہ قواعد کمیٹی کو اجازت دیتے ہیں کہ کسی کو بھی طلب کرے،  پارلیمنٹ کی کمیٹی کے پاس سول کورٹ کی پاورز ہیں، کمیٹی کسی بھی فرد کو ناصرف طلب کرسکتی ہے بلکہ وارنٹ گرفتاری بھی جاری کرسکتی ہے، عدالت نےکمیٹی کو  غیر قانونی قرار  نہیں دیا، عدالت کے حکم کے بعد جسٹس فائز عیسٰی نے بھی کمیٹی چلائی۔

مزید خبریں :