دنیا
Time 02 جون ، 2023

موسمیاتی تبدیلی کا اثر؟ نئی دہلی کیلئے مئی کا مہینہ 36 سال میں سرد ترین قرار

اس سال مئی میں نئی دہلی میں معمول سے کہیں زیادہ بارشیں ہوئیں / فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی
اس سال مئی میں نئی دہلی میں معمول سے کہیں زیادہ بارشیں ہوئیں / فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات دنیا بھر میں محسوس کیے جا رہے ہیں اور بیشتر ایسے علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے جہاں عموماً موسم معتدل ہوتا ہے۔

مگر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اس سے الٹ ہوا ہے۔

بھارتی دارالحکومت کے لیے مئی 2023 گزشتہ 36 سال کے دوران سب سے کم درجہ حرارت والا مہینہ ثابت ہوا۔

عموماً مئی نئی دہلی کے لیے سال کا گرم ترین مہینہ ثابت ہوتا ہے جس کے دوران اوسط درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ہوتا ہے مگر 1987 کے بعد پہلی بار یہ سب سے کم درجہ حرارت مہینہ ثابت ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مئی 2023 کے دوران اوسط درجہ حرارت 36.8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

اس سے پہلے مئی 1987 میں سب سے کم 36 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شدید بارشوں کی وجہ سے اس سال اوسط درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔

مئی 2023 کے دوران بھارتی دارالحکومت میں 111 ملی میٹر بارش ہوئی جو اوسط سے 262 فیصد زیادہ تھی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ موسم غیر معمولی ہے مگر ڈیٹا کی عدم موجودگی کے باعث ابھی ہم اسے موسمیاتی تبدیلیوں سے منسلک نہیں کر سکتے۔

نئی دہلی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مئی میں ایسا موسم پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

مزید خبریں :