05 جون ، 2023
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 ویسٹ انڈیز اور امریکا سے دوسرے ملک منتقل کرنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں کرکٹ انفراسٹرکچر کا فقدان پریشان کن ہے، یہاں ابھی تک کرکٹ کے اسٹیڈیمز انٹرنیشنل معیار کے نہیں، اسی لیے آئی سی سی امریکا اور ویسٹ انڈیز سے ٹورنامنٹ منتقل کرنے کا سوچ رہی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کی میزبانی دی گئی ہے، تاہم اتنے کم وقت میں ورلڈکپ کے لیے دونوں ممالک میں وینیو ز کی تیاری مشکل ہے،آئی سی سی انگلینڈ کو 2024 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی کی درخواست کرسکتا ہے۔
2030 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی انگلینڈ،آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کےپاس ہے، بتایا جارہا ہے کہ ویسٹ انڈیز اور امریکا کو 2030 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی دی جاسکتی ہے۔
سابق چیئرمین یو ایس اے کرکٹ ڈاکٹر اتُل رائے کا کہنا ہے کہ امریکا میں موجودہ حالت دیکھ کر ورلڈکپ کی میزبانی مشکل لگتی ہے، امریکا میں موجودہ سہولیات آئی سی سی کے معیار کےبرابر نہیں ہیں۔
ڈاکٹر اتُل رائے کا کہنا ہے کہ اب یہ آئی سی سی پر منحصر ہے کہ وہ امریکا میں اسٹیڈیمز پر سرمایہ کار ی کرتے ہیں یا میزبانی دوسرے ملک کو دیتے ہیں۔