Time 05 جون ، 2023
انٹرٹینمنٹ

جس پراجیکٹ کے اختتام پر میں مرتا ہوں، وہ ہٹ ہوجاتا ہے: حمزہ علی عباسی

پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے تسلیم کیا ہے کہ ان کے جس پراجیکٹ کے اختتام پر ان کی موت ہوتی ہے اور وہ ڈرامہ ہٹ ہوجاتا ہے۔

ڈرامہ و فلم انڈسٹری کو الوداع کہنے والے اداکار حمزہ علی عباسی جلد ہی اپنے نئے ڈرامہ سیریل  ’جانِ جہاں‘ سے ٹی وی اسکرین پر واپسی کریں گے جس کا اعلان انہوں نے کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

حال ہی میں ایک ایونٹ پر صحافی ملیحہ رحمٰن نے حمزہ سے کچھ غیر رسمی گفتگو کی جس میں اداکار نے بتایا کہ ڈرامے جانِ جہاں کا اسکرپٹ ان کی مرضی کے مطابق ہے، جیسا وہ کام کرنا چاہتے تھے یہ بالکل ویسا ہی ہے۔

انہوں نے ڈرامہ و فلم پروڈیوسر ثنا شاہنواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ثنا شاہنواز کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میرے تحفظات کا خیال رکھا۔

ملیحہ رحمٰن نے سوال کیا کہ کہیں اس ڈرامے کا اختتام بھی تو مداحوں کو افسردہ نہیں کردے گا جیسے آپ کے زیادہ تر ڈراموں میں ہوتا ہے؟

جواب میں حمزہ علی عباسی بولے ’دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، یہ تو وقت ہی بتائے گا لیکن تاریخ گواہ ہے کہ میں جس بھی ڈرامے یا فلم کے اختتام میں مرا ہوں، وہ ڈرامہ یا فلم سپر ہٹ ہوئی لہٰذا دیکھتے ہیں اس میں کیا ہوگا‘۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ میں ماضی کی معروف آن اسکرین جوڑی، اداکار حمزہ علی عباسی اور اداکارہ عائزہ خان ایک بار پھر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

مزید خبریں :